Wednesday, November 18, 2026 | 07 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • جيفری ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں، قتل کا زیادہ امکان : فرانزک ماہر کی رائے

جيفری ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں، قتل کا زیادہ امکان : فرانزک ماہر کی رائے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 18 Nov 2026

جيفری ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں، قتل کا زیادہ امکان : فرانزک ماہر کی رائے

نیویارک میں حراست کے دوران بدنامِ زمانہ امریکی مجرم جیفری ایپسٹین کی موت کے بارے میں ایک نئے فرانزک تجزیے نے سنسنی پھیلا دی ہے، جس کے مطابق یہ واقعہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہونے کے زیادہ قرائن رکھتا ہے۔ یہ دعویٰ معروف فرانزک ماہر مائیکل فری مین نے کیا ہے، جو جرنل آف فرانزک اینڈ لیگل میڈیسن کے ایڈیٹر اِن چیف ہیں، اور جنہوں نے برسوں پر محیط تحقیق کے بعد آٹوپسی کے ریکارڈ اور تصاویر کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

فری مین نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ 2019 میں جنسی اسمگلنگ کے مقدمات کا سامنا کرتے ہوئے حراست میں موجود ایپسٹین کے جسم پر پائی جانے والی چوٹیں خودکشی کے لیے رسی سے لٹکنے کے عمومی نمونے سے مطابقت نہیں رکھتیں بلکہ پیچھے سے گلہ گھونٹے جانے کے تعزیزی شواہد دیتی ہیں۔

فری مین کے مطابق اگر تمام شواہد کو یکجا کیا جائے تو سب سے زیادہ قرینِ قیاس یہ ہے کہ ایک پتلے، گرہ دار کپڑے کے پھندے سے پیچھے سے گلا گھونٹا گیا، اور پھر اسی لگیچر کو استعمال کر کے لاش کو بنک بیڈ سے لٹکا دیا گیا تاکہ منظرنامہ خودکشی کا دکھائی دے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اپنے انٹرویو میں کہی اور واضح کیا کہ میڈیکل ایگزامنر کی دستاویز کردہ چوٹیں روایتی خودکشی کے کیسز کی معلوم پیٹرن سے میل نہیں کھاتیں۔

واضح رہے کہ ایپسٹین کو 10 اگست 2019 کو نیویارک کے میٹروپولیٹن کریکشنل سینٹر کی اپنی کوٹھڑی میں لٹکا ہوا پایا گیا تھا، اور اُس وقت کی سرکاری آٹوپسی رپورٹ نے اسے خودکشی قرار دیا تھا۔ تاہم اس موت کے گرد شروع دن سے سازشی نظریات گردش کرتے رہے ہیں، جن میں یہ خدشہ شامل ہے کہ کہیں اسے اس لیے نہ مار دیا گیا ہو کہ وہ بااثر شخصیات کو جنسی استحصال، عصمت ریزی اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے سنگین الزامات میں ملوث کرنے والے شواہد فراہم کر دے۔

مزید برآں واقعے کے روز ایپسٹین کی کوٹھڑی کے باہر نصب سکیورٹی کیمرے کام نہیں کر رہے تھے۔ محکمہ انصاف کی ایک رپورٹ، جو 2023 میں سامنے آئی، نے نتیجہ اخذ کیا کہ اس تنصیف میں کیمروں سے متعلق دیرینہ مسائل موجود تھے اور مجموعی نگرانی کا نظام ناقص تھا، جس سے شواہد کا تسلسل متاثر ہو سکتا ہے۔ نقادوں کے نزدیک یہ خلا واقعے کی سچائی تک پہنچنے میں رکاوٹ بنا، جب کہ حکام نے اسے ادارہ جاتی خرابیوں کا شاخسانہ قرار دیا۔

فری مین کی نئی رائے کے بعد ایپسٹین کے بھائی مارک ایپسٹین نے تازہ اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے بقول عوامی اعتماد کی بحالی اور قانونی شفافیت کے لیے یہ ضروری ہے کہ دستیاب ہر فرانزک اور ویڈیو شواہد دوبارہ پرکھے جائیں، گواہوں کے بیانات پر نئی روشنی ڈالی جائے اور واقعے سے پہلے اور بعد کی جیل کی روٹین تفصیل سے کھنگالی جائے۔

دوسری جانب نیویارک سٹی کے دفترِ چیف میڈیکل ایگزامنر نے اپنے سابقہ فیصلے پر اصرار برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی طے شدہ تعیین پر قائم ہے اور آٹوپسی کے سائنسی معیارات کے مطابق موت کو خودکشی ہی سمجھتا ہے۔