Tuesday, November 03, 2026 | 22 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • آسٹریلیا ئی دھماکہ خیز آل راؤنڈرگلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا ئی دھماکہ خیز آل راؤنڈرگلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 03 Nov 2026

آسٹریلیا ئی دھماکہ خیز آل راؤنڈرگلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان
آسٹریلیا کے جارحانہ مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل نے پیر کی رات انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔اس کے ساتھ ہی ان کا ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط بین الاقوامی سفر اختتام کو پہنچا۔ انہوں نے یہ اعلان ایک مقبول کھیلوں کے پوڈکاسٹ پر گفتگو کے دوران کیا اور بتایا کہ اگرچہ یہ لمحہ ان کے لیے جذباتی ہے لیکن اس فیصلے کی بنیاد کچھ عرصہ پہلے رکھ دی گئی تھی۔ ان کے مطابق ٹیم انتظامیہ سے مستقبل کے منصوبوں پر متعدد بار تبادلہ خیال ہوا تھا، ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا، اور نئی نسل کے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی پالیسی واضح تھی۔
 
38 سالہ میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کی اور مجموعی طور پر 286 بین الاقوامی میچ کھیلے، جن میں 7226 رنز اسکور کیے اور 136 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کے رکن رہے، جبکہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح آسٹریلوی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ دائیں ہاتھ کے اس دھواں دھار بلے باز نے اپنی تباہ کن بیٹنگ، تیز اسٹرائیک ریٹ، برق رفتار فیلڈنگ اور کارآمد آف اسپن بولنگ سے دنیا بھر میں منفرد شناخت بنائی۔ 
 
ان کے کیریئر کا آغاز اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے ہوا۔ ون ڈے میں انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 میچ کھیلے اور 3990 رنز بنائے، جن میں ان کا سب سے بڑا اسکور 201 ناٹ آؤٹ رہا، جبکہ اسی فارمیٹ میں 77 وکٹیں بھی لیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا آغاز انہوں نے ستمبر 2012 میں پاکستان کے خلاف کیا اور بعد ازاں 130 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 2897 رنز اور 51 وکٹیں اپنے نام کیں، اس فارمیٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 145 رہا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 2013 میں ہندوستان کے خلاف ڈیبیو کیا اور مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ کھیلے، جن میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہندوستان ہی کے خلاف 104 رنز تھا، جبکہ 127 رنز دے کر 4 وکٹیں ان کی نمایاں بولنگ کارکردگی رہی۔ 
 
بین الاقوامی سطح پر ان کی سب سے یادگار اننگ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں دیکھی گئی، جب آسٹریلیا 292 کے ہدف کے تعاقب میں 91 پر 7 کھلاڑی کھو بیٹھا تھا۔ پٹھوں میں کھنچاؤ کے باوجود انہوں نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر میچ کا نقشہ بدل دیا، 128 گیندوں پر 201 ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگ کھیل کر ٹیم کو 3 وکٹوں سے فتح دلائی۔ اننگ میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے اور آٹھویں وکٹ کی 202 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے اسے ون ڈے تاریخ کی غیر معمولی اننگز میں جگہ دلا دی۔ آسٹریلیا نے یہ مقابلہ 19 گیندیں باقی رہتے جیتا۔ 
 
میکسویل نے تسلیم کیا کہ ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی کوئی حیرت کی بات نہیں تھی اور وہ گھریلو 50 اوور اور 4 روزہ مقابلوں سے بھی کنارہ کش ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد کوچنگ اور سلیکشن گروپ کے ساتھ ان کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی، ٹیم اگلے چکر کے لیے منصوبہ بندی کر رہی تھی اور نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جا رہا تھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی نئے چہروں کی کارکردگی نے منتخب کنندگان کے فیصلوں کی تائید کی۔ 
 
فارم اور فٹنس کے اتار چڑھاؤ کے باعث انہوں نے جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے قبل از وقت الوداع کہا۔ ہندوستان کے خلاف دبئی میں کھیلا گیا چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل ان کا آخری ون ڈے ثابت ہوا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپریل 2026 میں مرکزی معاہدوں کی فہرست جاری کی تو میکسویل کا نام اس میں شامل نہیں تھا۔ رواں برس کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں وہ آخری بار آسٹریلوی قمیض میں دکھائی دیے، جہاں ٹیم گروپ مرحلے میں ہی باہر ہوگئی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی انہیں منتخب نہیں کیا گیا۔ ان کی آخری انٹرنیشنل جھلک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عمان کے خلاف میچ میں نظر آئی۔