Thursday, October 08, 2026 | 25 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • دو سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملے، تین افراد ہلاک ،28 زخمی

دو سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملے، تین افراد ہلاک ،28 زخمی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 08 Oct 2026

دو سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حملے، تین افراد ہلاک ،28 زخمی
سعودی عرب نے ریاض اور ابہا ہوائی اڈوں پر ہونے والے حملوں میں تین افراد کی ہلاکت اور درجنوں زخمی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا نے ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے بتایا کہ حملوں کا نشانہ ریاض اور ابہا کے ہوائی اڈوں کوبنایا گیا۔ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حملے منگل اور بدھ کو ریاض اور ابہا کے ایئرپورٹس پر ہوئے۔
 
تین افراد ہلاک 28 زخمی 
بیان کے مطابق ملک کے جنوب مغربی شہر ابہا کے ہوائی اڈے پر حملے میں دو خواتین ہلاک ہوئیں، جن میں ایک کا تعلق الجزائر اور دوسری کا مراکش سے تھا۔ حملے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے،   زخمیوں میں سعودی ، بنگلہ دیش اور فلپائن سے تعلق رکھنے والے دو افراد بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی حالت معمولی سے تشویشناک تک بتائی گئی ہے۔اتھارٹی کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر ایک سوڈانی شہری ہلاک اور مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے۔جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے بیان کے مطابق تمام زخمیوں کو ضروری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دونوں حملوں کے نتیجے میں بعض مالی نقصانات بھی ہوئے۔ دونوں حملوں میں املاک کو بھی نقصان پہنچا، تاہم اتھارٹی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔سعودی اتھارٹی نے یہ نہیں بتایا کہ حملوں کا ذمہ دار کون ہے۔
 
حوثیوں کا دعویٰ
حوثیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جمعرات کو سعودی عرب کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔مسلح گروپ نے رواں ہفتے تیسری مرتبہ سعودی عرب کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، ’’ہماری مسلح افواج نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بیلسٹک میزائل سے کامیابی سے نشانہ بنایا، جو اپنے ہدف پر درست طور پر لگا اور ایئرپورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔‘‘یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا ماضی میں دونوں ہوائی اڈوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔ پیر کو حوثیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل داغا۔
 
 بین الاقوامی ایئرلائنز کو انتباہ 
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایکس پر جاری بیان میں مزید کہا، ’’ہم بین الاقوامی ایئرلائنز کو ایک بار پھر حتمی تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ سعودی فضائی حدود میں پروازوں سے گریز کریں۔‘‘یمن میں جنگ شدت اختیار کرنے کے ساتھ حوثیوں نے سعودی عرب میں مختلف اہداف پر حملے بھی تیز کر دیے ہیں۔ سعودی عرب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے اور شیعہ ملیشیا کے خلاف متعدد مرتبہ فضائی حملے کر چکا ہے۔
 
حوثی کے82 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا 
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ یمنی صوبوں صعدہ، ماریب، الجوف اور الحدیدہ میں حوثی باغیوں کے 82 فوجی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ المالکی نے جانی یا مالی نقصان کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں اور ان کے دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔اطلاعات کے مطابق اہداف میں میزائل لانچنگ سائٹس، کمانڈ سینٹرز اور میزائل اور ہتھیاروں کے ڈپو شامل تھے۔
 
 یمن میں خانہ جنگی 
یمنی حکومت کے مطابق حکومتی فورسز نے اتوار کو حوثیوں کے زیر قبضہ تمام علاقوں کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے فوجی کاروائی شروع کی تھی۔یمن کے بیشتر شمال مغربی علاقوں پر قابض حوثی باغی ، جولائی میں خانہ جنگی دوبارہ بھڑکنے کے بعد علاقے پر کنٹرول کے لیے یمنی حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ادھر اتحادی افواج نے یمن کے صوبوں صعدہ، مأرب، الجوف اور الحدیدہ میں حوثیوں کے 82 فوجی اہداف کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔  
 
لڑائی میں 2 لاکھ افراد بے گھر
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق تباہ کیے گئے اہداف میں میزائل داغنے کے مراکز، کمانڈ سینٹرز اور میزائل و ہتھیاروں کے گودام شامل تھے۔ انہوں نے حملوں میں ہونے والی ممکنہ ہلاکتوں یا نقصان کی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ان کے دعووں کی فوری  اور آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔اقوام متحدہ نے بدھ کو بتایا کہ حالیہ لڑائی کے نتیجے میں ملک کے اندر دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔