Thursday, October 08, 2026 | 25 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ ووٹر لسٹ: 71.23 لاکھ افراد کو شامل کرنے کی منظوری

تلنگانہ ووٹر لسٹ: 71.23 لاکھ افراد کو شامل کرنے کی منظوری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 08 Oct 2026

تلنگانہ ووٹر لسٹ: 71.23 لاکھ افراد کو شامل کرنے کی منظوری
ووٹرلسٹ میں ترمیم کے خصوصی عمل کے تحت جاری کیےگئے نوٹسز کی جانچ مکمل
اعتراضات 5 نومبر تک دور کیے جائیں، حتمی فہرست 9 نومبر کو جاری کی جائے گی
ایک گھر میں 15 سے زیادہ ووٹ ہوں تو دوبارہ جانچ کی جائے:بی جےپی کی مانگ
 
 تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) سی سدرشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظرثانی کے عمل کے ایک حصے کے طور پر، 71.23 لاکھ افراد کو حتمی فہرست میں شامل کرنے کے اہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹسز کی انکوائری 7 اکتوبر تک مکمل کر کے ان کے ناموں کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
 
ووٹر لسٹ  کے ریکارڈ میں تضادات اور دیگر تکنیکی وجوہات کی بناء پر  جملہ  92.88 لاکھ نوٹس جاری کیے گئے جن میں سے 91.92 لاکھ نوٹس ووٹرز کے حوالے کیے گئے۔ دعوؤں اور اعتراضات کی وصولی کی آخری تاریخ 7 اکتوبر کو ختم ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ ان اعتراضات کو 5 نومبر تک حل کیا جائے گا اور حتمی ووٹر لسٹ 9 نومبر کو شائع کی جائے گی۔
 
17اگست کو گھر گھر سروے کے بعد الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ مسودہ فہرست کے مطابق ریاست بھر میں 3.38 کروڑ ووٹرز ہیں۔ ان میں سے 73.39 لاکھ لوگوں کی شناخت متوفی کے طور پر، یا وہ اپنا پتہ تبدیل کر چکے ہیں یا جعلی ووٹر ہیں۔ تقریباً 57.46 لاکھ لوگوں نے اپنا پتہ مستقل طور پر تبدیل کیا ہے، 9.22 لاکھ کی موت ہو چکی ہے اور دیگر 6.70 لاکھ نے ایک سے زیادہ جگہوں پر اپنا ووٹ درج کرایا ہے۔
 
دریں اثنا، بی جے پی نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سے کہا ہے کہ وہ ایسے معاملات میں فیلڈ لیول پر لازمی دوبارہ تصدیق کریں جہاں ریاست کے 119 حلقوں میں ایک ہی گھر کے نمبر پر 15 یا اس سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے ہوں۔ پارٹی نے کہا ہے کہ اس کے اعداد و شمار کے تجزیہ میں تقریباً 1.63 لاکھ ایسے ووٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور بوتھ سطح کے عہدیداروں سے ان کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرنے پر زور دیا ہے۔