Sunday, November 01, 2026 | 20 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • فلمیں/ طرززندگی
  • »
  • شاہ رخ خان کی سالگرہ پر حیدرآباد میں’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی خصوصی نمائش

شاہ رخ خان کی سالگرہ پر حیدرآباد میں’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی خصوصی نمائش

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 01 Nov 2026

 شاہ رخ خان کی سالگرہ پر حیدرآباد میں’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی خصوصی نمائش
حیدرآباد میں اس بار فلمی دنیا کی فضا کچھ  خاص ہونے جا رہی  ہے۔ یہ  شہر جو عام طور پر اپنے ٹالی ووڈ ستاروں کی سالگرہوں، خصوصی شوٹنگز اور فرسٹ ڈے فرسٹ شو کے جشن کے لیے پہچانا جاتا ہے، وہ 2 نومبر کو بالی ووڈ کے کنگ ، شاہ رخ خان کی سالگرہ ایسے انداز میں منائے گا جو برسوں بعد دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اور یہ موقع  ہےشاہ رخ خان کی 61ویں سالگرہ کا، اور مداحوں نے ان کی اَمَر رومانی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، یعنی ڈی ڈی ایل جے، کو حیدرآباد کی سنگل اسکرین سینماؤں میں دوبارہ دکھانے کا اہتمام کیا ہے۔ یہ خصوصی اسکریننگز 3 سنگل اسکرین تھیٹروں میں رکھی گئی ہیں اور تمام شوز صبح 7:30 بجے شروع ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق ٹکٹوں کی بکنگ کا  آغاز ہو چکا ہے اور مداح بڑی تعداد میں رجوع کر رہے ہیں۔
 
یہ واپسی اس لیے بھی خاص ہے کہ حالیہ برسوں میں ڈی ڈی ایل جے کی خصوصی نمائشیں عموماً ملٹی پلکسز اور پی وی آر سنیما میں ہوتی رہی ہیں، مگر سنگل اسکرینز پر اس کلاسک کا لوٹنا پرانی فلم بینی کی چاشنی کے ساتھ جوش و خروش میں اضافہ کر رہا ہے۔ آن لائن دستیاب معلومات کے مطابق عابڈز کے معروف رام کرشنا 70 ایم ایم تھیٹر نے 1995 کی اصل ریلیز کے برسوں بعد 2005 میں 10ویں سالگرہ کے موقع پر اس فلم کی خصوصی نمائش کی تھی۔ اب تقریباً 20 سال بعد حیدرآباد کی سنگل اسکرینز پر اس فلم کا آنا مداحوں کے لیے یادوں کی لوٹ ہے۔
 
شہر کے متعدد حلقوں میں اس موقع کو تہوار کی طرح منانے کی تیاریاں ہیں۔ شاہ رخ خان حیدرآباد فین کلب کے ایک رکن نے میڈیا  سے گفتگو میں بتایا کہ سُدرشن تھیٹر میں ہونے والی تقریبات کے لیے نوجوانوں میں غیر معمولی جوش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان ہمارے لیے صرف اداکار نہیں بلکہ ایک جذبہ ہیں، ان کی سالگرہ ہر مداح کے لیے اہم ہوتی ہے اور اس سال ہم اسے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ اس بار ممبئی میں ایس آر کے ڈے کا بڑا مرکزی ایونٹ منعقد نہیں ہو رہا، اسی لیے وہی توانائی اور ولولہ حیدرآباد میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ کنگ خان کا دن شایانِ شان طریقے سے منایا جا سکے۔
 
میّاں پور کے سائی رنگا تھیٹر میں اسکریننگ کا انتظام سینیماسکوپ نامی گروپ اور اس کی ٹیم کر رہی ہے جہاں فلم کے ساتھ ساتھ خصوصی فین سرگرمیوں کا بھی اہتمام ہے۔ سینیماسکوپ کے نمائندے نے سِیاسَت ڈاٹ کوم کو بتایا کہ یہ محض عام اسکریننگ نہیں ہوگی؛ کاغذی کونفیٹی، شاہ رخ خان پر تیار کی گئی خصوصی فین ایڈٹس، اور ان کے فنی سفر پر تقریباً 90 منٹ کا کنسرٹ بھی ہوگا جس میں ان کے ڈیبیو سے لے کر یادگار لمحات تک سب کچھ یکجا پیش کیا جائے گا، تاکہ شائقین ان خاص لمحوں کو ایک ساتھ دوبارہ جئیں۔ ان کے مطابق اگرچہ ان کا پلیٹ فارم بنیادی طور پر تلگو سنیما کے شائقین کے لیے ہے، لیکن حیدرآباد کے ناظرین کی غیر معمولی مثبت ردعمل نے انہیں خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے۔
 
1995 میں ریلیز ہوئی، دل والے دلہنیا لے جائیں گے ہندوستانی سنیما کی سب سے مشہور رومانوی فلموں میں سے ایک ہے۔ آدتیہ چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول نے اداکاری کی ہے، یہ فلم راج اور سمرن کی پیروی کرتی ہے، دو نوجوان ہندوستانی جو یورپ کے سفر کے دوران ملتے ہیں اور محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ تاہم، ان کی محبت کی کہانی کو چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب سمرن کے والد ایک طے شدہ شادی پر اصرار کرتے ہیں۔
 
اپنے یادگار مکالموں، روح پرور موسیقی اور لازوال رومانس کے ساتھ، ڈی ڈی ایل جے بالی ووڈ کے شائقین کی نسلوں میں پسندیدہ بنا ہوا ہے۔اور اس 2 نومبر کو حیدرآباد کے شائقین کو راج اور سمرن کی محبت کی کہانی کو بڑے پردے پر دوبارہ زندہ کرنے کا ایک اور موقع ملے گا جبکہ راج کو امر کرنے والے شخص کی سالگرہ منا رہے ہیں۔