حیدرآباد کے نامپلی ریلوے اسٹیشن کے 120 سالہ قدیم تاریخی حصے کی عمارت کو ازسرِنو ترقیاتی منصوبے کے تحت گرائے جانے پر شہر کے مورخین اور ورثہ کے تحفظ کے کارکنان نے شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ یہ انہدام امریت ہندوستان اسٹیشن اسکیم کے دائرہ کار میں کیا جا رہا ہے، جس کے تحت حیدرآباد دکن یعنی نامپلی اسٹیشن کی ازسرِنو تعمیر و توسیع کا تخمینہ تقریباً 327 کروڑ روپئے بتایا گیا ہے۔ کام کا آغاز 2024 میں ہوا تھا، تاہم اسٹیشن کے تاریخی اگلے حصہ کی انہدمی کاروائی چند ہفتے قبل عملاً شروع کی گئی، جس کے بعد ردِ عمل تیز ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ اسٹیشن جنوب وسطی ریلوے زون کا اہم مرکز ہے اور روزانہ 45,000 سے زیادہ مسافر یہاں سے سفر کرتے ہیں، اس لیے گنجائش بڑھانے اور سہولتیں بہتر بنانے کی ضرورت بتائی جا رہی ہے۔ دکن ہیریٹیج ٹرسٹ کے مینیجنگ ٹرسٹی محمد صفی اللہ نے اعتراف کیا کہ مسافروں کی بڑھتی تعداد اور کارگو کی ضروریات کے باعث اسٹیشن کی جدید کاری ضروری ہے، مگر ان کا کہنا تھا کہ قدیم عمارت کو منہدم کرنے سے شہر کی معمارانہ اور ریلوے تاریخ کا اہم ورثہ مٹ جائے گا۔
تاریخی پس منظر کے طور پر بتایا گیا کہ حیدرآباد دکن ریلوے اسٹیشن 1907 میں نظام، نواب محبوب علی پاشاہ کے عہد میں تعمیر ہوا۔ نظام نے 1869 سے 1911 تک حکومت کی، اور اسی دور میں شہر کی ریلوی پٹریوں اور ڈھانچے کی منظم توسیع ہوئی۔ ماہرین کے مطابق نامپلی اسٹیشن نے اُس زمانے میں حیدرآباد کو اُس وقت کے بڑے تجارتی مرکز بمبئی سے جوڑنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ محمد صفی اللہ نے کہا کہ اسٹیشن کے ساتھ ایک مسافرخانہ، نامپلی سرائے بھی تھا جو شہر آنے والوں کے لیے قیام گاہ کا کام دیتا تھا، اور یہ سارا مجموعہ اُس عہد کی شہری منصوبہ بندی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
فروری 2025 میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی 151 سالہ تاریخی عمارت بھی اسی اسکیم کے تحت، تقریباً 720 کروڑ روپےکے منصوبے میں، منہدم کی، حالانکہ وہ ملک کے قدیم ترین اسٹیشنوں میں شمار ہوتی اور حیدرآباد کی نمایاں نشانی تھی۔ صفی اللہ کے مطابق نامپلی، سکندرآباد اور کاچی گوڑہ اسٹیشن، تینوں نظام دور کی یادگار عمارتیں ہیں جو 1883 میں قائم کیے گئے نظامز گارنٹیڈ اسٹیٹ ریلویز کے تحت شہری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ایک اہم مرحلے کی نمائندگی کرتی ہیں۔
انٹاک حیدرآباد چیپٹر کی کنوینر انورادھا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نامپلی کے تاریخی سامنے کے حصہ کو گرانے سے پہلے نہ مقامی شہریوں سے مشاورت کی گئی نہ ہی ورثہ کے ماہرین کی رائے لی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی 120 سالہ ڈھانچے کو اس کی تاریخی اہمیت سمجھے بغیر کیسے گرایا جا سکتا ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ ریلوی انفرااسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور مسافروں کی سہولتیں بڑھانا قابلِ قدر ہے، مگر ازسرِنو تعمیر کے دوران اسٹیشن کی تاریخی شناخت محفوظ رہنی چاہیے۔
ایک ساؤتھ سنٹرل ریلوے عہدیدار نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہدام کا فیصلہ اعلیٰ سطح پر لیا گیا ہے اور چونکہ نامپلی اسٹیشن کو محفوظ ورثہ کی سرکاری فہرست میں شامل نہیں کیا گیا، اس لیے اس کے انہدام پر قانونی ممانعت نہیں۔ اسی تناظر میں انہوں نے بتایا کہ کاچی گوڑہ اسٹیشن کو اس لیے جدید کاری کے لیے منتخب نہیں کیا گیا کہ وہ محفوظ یادگار کے طور پر درج ہے۔
ورثہ کے تحفظ کے حامیوں کا مطالبہ ہے کہ تعمیرِ نو میں تاریخی عناصر کی بازیافت، اصلی سامنے کے حصہ کے ڈیزائن کی باز تخلیق اور دستاویزی ریکارڈ کی تیاری کو لازمی بنایا جائے، تاکہ ترقی اور تاریخ میں توازن قائم رہے۔







