Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • محبوبہ مفتی کا شیش ناگ جھیل کے نزدیک سڑک کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے طلب کی وضاحت

محبوبہ مفتی کا شیش ناگ جھیل کے نزدیک سڑک کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے طلب کی وضاحت

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 25 Nov 2026

محبوبہ مفتی کا شیش ناگ جھیل کے نزدیک سڑک کی تعمیر  پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے طلب کی  وضاحت

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امرناتھ یاترا روٹ پر واقع ماحولیاتی طور پر نازک شیش ناگ کے علاقے تک سڑک کے متعلق بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں توسیع کی وضاحت کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شیش ناگ کے ماحولیاتی نظام اور امرناتھ یاترا دونوں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ حکومت نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے محبوبہ مفتی پر غلط بیانی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کسی نئی سڑک کی منظوری نہیں دی گئی۔

ماحولیاتی ماہرین نے انتناگ ضلع کی اس برفانی جھیل اور اس کے الفائن ماحولیات پر کسی بھی تعمیری سرگرمی کے ممکنہ منفی اثرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے ایک پوسٹ میں کہا کہ 23 جنوری 2026 کو عمر عبداللہ کی زیر قیادت کابینہ نے بی آر او کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ ایم او یو میں توسیع دے کر شیش ناگ تک سڑک کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے منگل کو مبینہ تعمیراتی مقام کا دورہ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ ان کے بقول ترقی کے نام پر یہ نازک ماحول پر حملہ ہے اور ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے، اس لیے وزیر اعلیٰ اور محکمہ سیاحت وضاحت کریں کہ منظوری کیسے اور کیوں دی گئی اور کیا اسے فوری واپس لیا جائے گا۔

دوسری طرف بی آر او نے پیر کو کہا کہ امرناتھ یاترا کے بعد کی بحالی کا کام تمام حفاظتی معیارات اور ماحولیاتی ضوابط کے مطابق جاری ہے، اور یہ کہ کام سانجائی ٹریکس پر زیر التوا اور اہم نوعیت کے کام، ڈھلوان مستحکمی اور برف ہٹانے تک محدود ہے۔ حکمران نیشنل کانفرنس نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت نے کسی نئی سڑک کی منظوری نہیں دی۔ پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار نے سوشل میڈیا پر محبوبہ مفتی سے ثبوت پیش کرنے یا معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

اسی دوران آن لائن دستخطی مہم میں تیزی دیکھی جا رہی ہے جسے زرکا بندے نے “کشمیر کی الفائن جھیلوں کے گرد تعمیرات روکیے” کے عنوان سے شروع کیا۔ چینج ڈاٹ آرگ پر اس مہم کو اب تک 8,663 سے زائد افراد نے دستخط کر کے حمایت دی ہے۔ لنک کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا تھا مگر اب بحال ہو چکا ہے۔