آئی پی ایل 2027 سے پہلے ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کے درمیان ایک بڑا اور باضابطہ ٹریڈ مکمل ہو گیا ہے، جس کے تحت ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا اب پنجاب کنگز کی جانب سے کھیلیں گے، جبکہ بین الاقوامی ٹی۔20 میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ ممبئی انڈینز میں شامل ہو گئے ہیں۔ یہ فیصلہ دونوں فرنچائزوں کی منظوری کے بعد فائنل کیا گیا، اور آئی پی ایل کی گورننگ باڈی کو باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے۔
ہاردک پانڈیا نے 2015 میں ممبئی انڈینز سے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں چمپئن اسکواڈ کا حصہ رہے۔ 7 سیزن کے بعد وہ 2022 میں گجرات ٹائٹنز سے تعلق سے، کپتانی سنبھالی اور پہلے ہی سیزن میں ٹیم کو خطاب دلایا، جب کہ 2023 میں گجرات کو فائنل تک پہنچایا۔ 2024 میں وہ دوبارہ ممبئی انڈینز لوٹے اور قیادت سنبھالی، تاہم اب ایک اور ٹریڈ کے بعد ان کی فرنچائز تبدیل ہو گئی ہے اور پنجاب کنگز میں ان کی نئی اننگ شروع ہو رہی ہے۔ اب تک آئی پی ایل میں ہاردک پانڈیا 162 میچ کھیل چکے ہیں، 146.28 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2955 رنز بنا چکے ہیں اور 82 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جو انہیں آل راؤنڈر کے طور پر ایک قیمتی اثاثہ بناتا ہے۔
دوسری جانب ارشدیپ سنگھ نے 2019 میں پنجاب کنگز کے ساتھ آئی پی ایل ڈیبیو کیا اور 8 سیزن تک اسی فرنچائز کے لیے کھیلتے ہوئے ڈیتھ اوورز کی درست لائن و لینتھ اور نئی گیند کے ساتھ سوئنگ سے منفرد شناخت بنائی۔ وہ پنجاب کنگز کی تاریخ میں 96 میچوں میں 111 شکار کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ آئی پی ایل 2025 میں انہوں نے 21 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ 2026 میں 14 شکار کیے۔ دباؤ والے لمحات میں یارکر اور سست گیندوں کے امتزاج سے وکٹیں نکالنے کی ان کی مہارت ممبئی انڈینز کے لیے خاص طور پر ڈیتھ اوورز میں بڑی تقویت سمجھی جا رہی ہے۔
مالی اعتبار سے بھی یہ ٹریڈ نمایاں ہے۔ پنجاب کنگز ہاردک پانڈیا کو 18 کروڑ روپے ادا کرے گی، جو ان کی سابقہ فیس 16.35 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ دوسری جانب ارشدیپ سنگھ ممبئی انڈینز میں اپنی موجودہ 18 کروڑ روپے کی فیس پر ہی کھیلیں گے۔ فرنچائز ذرائع کے مطابق یہ تبادلہ آئندہ سیزنوں کی ٹیم ساخت کو متوازن کرنے، قیادت اور ڈیتھ بولنگ جیسے نمایاں پہلوؤں کو مضبوط بنانے اور آئی پی ایل 2027 کے لیے اسکواڈ کی نئی تشکیل کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
اگرچہ اس ٹریڈ کی تفصیلی مذاکرات کب شروع ہوئی، اس پر فریقین نے باضابطہ تبصرہ نہیں کیا، مگر کرکٹ تجزیہ کاروں کے نزدیک پنجاب کنگز کو ایک تجربہ کار آل راؤنڈر اور ممکنہ قائد ملا ہے، جبکہ ممبئی انڈینز نے اپنے بولنگ اٹیک کی کمزوری دور کرتے ہوئے ایک ہنر مند بائیں ہاتھ کے اسٹرائیک بولر کو شامل کر لیا ہے۔ توقع ہے کہ دونوں کھلاڑی نئی ٹیموں کے ساتھ پری سیزن کیمپ میں شمولیت اختیار کریں گے اور اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔







