کانگریس کے سینئر رہنماپون کھیرا نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے میر بازار میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے سخت سوالات کیے ہیں۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے اہلکار زخمی ہوئے، جس کے بعدپون کھیرا نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جس حتمی انجام کار کی توقع باندھی گئی تھی، وہ حاصل ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر 2019 میں حکومتِ ہند نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ اس فیصلے سے دہشت گردی کو فیصلہ کن انجام تک پہنچا دیا جائے گا، تو آج کھلے بازار میں ڈیوٹی پر موجود سیکوریٹی جوانوں پر فائرنگ کیونکر ممکن ہوئی۔
پون کھیرا نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اس واقعے کو نہایت تشویشناک قرار دیتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے لکھا کہ میر بازار، کولگام میں دہشت گردانہ فائرنگ کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے اہلکار زخمی ہوئے، جو دل کو دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ وہ جلد روبہ صحت ہوں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارے ملک سے دہشت گردی اور تشدد کا سایہ ہمیشہ کے لیے رخصت ہو۔ لیکن اس موقع پر ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس صورت حال پر وزیر داخلہ کی کیا رائے ہے۔
کھیڑا نے یاد دلایا کہ 2019 میں 5 اگست کو دفعہ 370 کی منسوخی کے وقت اس اقدام کو دہشت گردی کے خاتمے کا فیصلہ کن نسخہ بتایا گیا تھا اور وزیر اعظم نے بھی اس دعوے کی توثیق کی تھی۔ ان کے مطابق، اگر یہ دعویٰ درست تھا تو آج کولگام کے ایک کھلے بازار میں چیک ناکے پر تعینات سی آر پی ایف پارٹی پر حملہ مرکز کے اسی فیصلے کے نتائج پر سوال کیوں نہ اٹھائے۔ کھیرا نے کہا کہ اگر اس قدر بلند بانگ دعوے کیے گئے تھے تو اب ان کی افادیت کے ثبوت کہاں ہیں۔
اس بیان کے ساتھ ہی انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ذمہ داری اور کارکردگی پر براہ راست سوال اٹھایا۔ کھیرا کے مطابق، سات برس بیتنے کے بعد جب کولگام کے کھلے بازار میں چیکنگ پر مامور سی آر پی ایف اہلکاروں پر گولیاں چلتی ہیں، تو یہ واضح ہوتا ہے کہ 5 اگست 2019 کو کیے گئے تغیرات اپنے اعلان کردہ مقصد تک نہیں پہنچ پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کو بتانا چاہیے کہ 2019 میں جو بڑے وعدے کیے گئے تھے، ان کا انجام کیا ہوا۔ کیا وہ اس وقت غلط بیانی کر رہے تھے یا پھر بطور وزیر داخلہ ان کی کارکردگی توقعات سے کہیں کم ثابت ہوئی۔پون کھیرا نے نتیجہ اخذ کیا کہ دونوں صورتوں میں یہ عہدہ ان کے شایانِ شان نہیں رہتا۔
دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملہ بدھ کی دوپہر تقریباً 2:15 بجے پیش آیا، جب نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے کولگام میں ایک ناکہ پر تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فوراً فرار ہو گئے۔ فورس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق، حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور زخمی جوانوں کو ممکنہ بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد ملٹی ایجنسی سرچ آپریشن شروع کیا گیا، اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر مشتبہ راستوں پر چوکسی بڑھا دی گئی، اور ثبوت اکھٹے کرنے کے لیے فارنزک ٹیمیں بھی طلب کی گئیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کا جائزہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تین زخمیوں میں سے دو کی چوٹیں معمولی نوعیت کی ہیں، جب کہ تیسرے کی حالت نسبتاً تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
سیکورٹی حکام کے مطابق جس ناکے پر حملہ ہوا وہ قومی شاہراہ سے تقریباً 4 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ علاقہ اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہاں سے ملحقہ سڑکیں مختلف بستیوں اور بازاروں کو جوڑتی ہیں۔ حملہ آوروں نے بظاہر ہجوم اور ٹریفک کی وجہ سے لے کر قریب آ کر فائرنگ کی اور پھر موٹر سائیکل پر ہی تیزی سے فرار ہوئے۔






