Tuesday, November 03, 2026 | 22 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا ونڈے سیریز: منگل کی صبح پہلا ون ڈے

نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا ونڈے سیریز: منگل کی صبح پہلا ون ڈے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 03 Nov 2026

نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا ونڈے سیریز: منگل کی صبح پہلا ون ڈے
نڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کے اختتام کے بعد اب ون ڈے مقابلوں کا مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ نومبر04 کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں کپتان ٹرافی کی چمک اور بڑی جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی واپسی نے شائقین کی توقعات کو بلند کر دیا ہے، جب کہ میزبان نیوزی لینڈ کو سیریز سے قبل ہی انجری مسائل نے گھیرا ڈال رکھا ہے، جس سے ان کی الیون میں ہنگامی تبدیلیاں ناگزیر ہو گئی ہیں۔
 
 میچ بھارتی ٹائمنگ کے مطابق صبح ساڑے سات بجے سے شروع ہو گا۔  ٹیم انڈیا کی ابتدائی جوڑی کے متعلق امکان یہی ہے کہ روہت شرما شبھمن گل کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے، جب کہ ایک روزہ فارمیٹ میں تجربہ اور فارم دونوں کے امتزاج کو سامنے رکھتے ہوئے تیسرے نمبر پر ویراٹ کوہلی کے اترنے کی پوری امید ہے۔ چوتھے نمبر پر شریاس آئیر کا کھیلنا تقریباً طے مانا جا رہا ہے۔
 
مڈل آرڈر کی ساخت کے لیے ایشن کشن، اکشر پٹیل، نیتیش کمار ریڈی اور نمن دھیر کے درمیان جگہ کی مسابقت موجود ہے۔ ایشن کشن حالیہ ٹی20 میچوں میں انجری سے واپسی کے بعد عمدہ فارم دکھا چکے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی20 میں نصف سنچری بھی اسکور کی، تاہم ون ڈے میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری کے لیے کے ایل راحول کو معمول کے مطابق ترجیح دی جا رہی ہے، جس سے ایشن کی براہ راست شمولیت مشکل ہو سکتی ہے۔
 
آل راؤنڈ آپشن کے طور پر نیتیش کمار ریڈی بیٹنگ کے ساتھ بولنگ بھی کر سکتے ہیں، اس لیے انہیں ابتدائی ون ڈے کے لیے جگہ ملنے کا اندازہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسپن ڈپارٹمنٹ میں اکشر پٹیل کی موجودگی بیلنس کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے، لہٰذا مڈل آرڈر کے ایک سلوٹ کے لیے ایشن اور نمن دھیرمیں سے کسی ایک کو موقع ملنے کے آثار ہیں۔
 
بولنگ لائن میں بھی چند سوالات برقرار ہیں۔ کلدیپ یادو کی شرکت پر سب کی نگاہیں جمی ہیں۔ پیس اٹیک کے متعلق اطلاع ہے کہ محمد سراج نے نیوزی لینڈ اے کے خلاف دوسرے غیر سرکاری ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا، اس لیے مسلسل میچز کو دیکھتے ہوئے ان کی فٹنس اور ورک لوڈ کے پیش نظر پہلے ون ڈے میں آرام دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر سراج نہ کھیلیں تو ارشدیپ سنگھ رفتار کے محاذ کی قیادت کر سکتے ہیں، جن کے ساتھ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے گیند باز عاقب نبی ، گرنور برار اور انشل کامبوج کی شمولیت پر غور جاری ہے تاکہ نئی اور پرانی گیند پر توازن قائم رکھا جا سکے۔
 
دوسری جانب نیوزی لینڈ کیمپ کو لگاتار دھچکوں نے مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ مارک چیپمین اور رچن راونڈرا پہلے ہی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ تازہ اطلاع کے مطابق اوپنر ڈیون کانوے بھی پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ منگل کو ایڈن پارک میں پریکٹس کے دوران میٹ ہنری سے ٹکرا جانے کے باعث کانوے کے سر پر چوٹ آئی۔ دونوں کھلاڑیوں کے فوری میڈیکل معائنے کیے گئے، ہنری کی حالت کو میڈیکل ٹیم مانیٹر کر رہی ہے جبکہ کانوے کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کنکشن کی تشخیص کی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ دونوں کی حالت کا جائزہ جاری ہے اور سیریز میں ان کی شمولیت کے بارے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔