Tuesday, November 10, 2026 | 29 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • مہاراشٹر حکومت کے یکساں سیول کوڈ سوالنامے پر بیرسٹر اویسی کا سخت اعتراض

مہاراشٹر حکومت کے یکساں سیول کوڈ سوالنامے پر بیرسٹر اویسی کا سخت اعتراض

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 10 Nov 2026

مہاراشٹر حکومت کے یکساں سیول کوڈ سوالنامے پر  بیرسٹر اویسی کا سخت اعتراض
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم )کے صدربیرسٹراسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کے مقصد سے عوامی رائے طلب کی ہے اور اس سلسلے میں ایک سوالنامہ بھی تیار کیا ہے، جس سے ان کے بقول یہ تاثر ملتا ہے کہ دیویندر فڑنویس کی زیرِ قیادت حکومت نے پہلے ہی اس قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
 
غیرہندوبرادریوں پرمخصوص نقطہ نظر کو نافذ کرنا
اویسی نے الزام عائد کیا کہ اس سوالنامے کی ساخت، اس کے سوالات اور اس کے زاویۂ نظر سے واضح ہوتا ہے کہ مقصد ایک حقیقی اور جامع یکساں سیول کوڈ وضع کرنا نہیں بلکہ غیر ہندو برادریوں پر عملاً ایک مخصوص نقطہ نظر کو نافذ کرنا ہے۔
 
ہندو ان ڈیوائیڈڈ فیملی کے بارے میں سوال نہیں
صدر مجلس بیرسٹراویسی کے مطابق حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے جاری سوالنامے میں ایک سے زیادہ شادیوں اور غیر عدالتی طلاق جیسے موضوعات پر رہنمائی کرنے والے سوالات شامل ہیں، مگر ہندو ان ڈیوائیڈڈ فیملی کے بارے میں ایک بھی سوال نہیں رکھا گیا۔
 
حقیقی معنوں میں یکساں سول کوڈ نہیں
ان کا کہنا تھا کہ اس عدم توازن سے ثابت ہوتا ہے کہ جسے یکساں سیول کوڈ کہا جا رہا ہے، وہ حقیقی معنوں میں یکساں نہیں بلکہ ایک ایسے سیول کوڈ کی شکل اختیار کر رہا ہے جو ہندو برادری کے موجودہ قانونی ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے دیگر برادریوں پر نئی قدغنیں عائد کرے۔
 
مخصوص مذہبی فریم ورک کی بالادستی
ان کے بقول گجرات، اتراکھنڈ، آسام اور مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتوں نے اسی طرز کے اقدامات کو یکساں سیول کوڈ کے نام پر آگے بڑھایا، جن میں اصل مساوات کے اصول کے بجائے مخصوص مذہبی فریم ورک کی بالادستی نظر آتی ہے۔
 
 کمیٹی میں اقلیتی نمائندگی نہیں
انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کے سوالنامے کے بیشتر سوالات محض “ہاں یا نہیں” کی صورت میں ترتیب دیے گئے ہیں، جس سے قدرے پیچیدہ سماجی اور قانونی مسائل کو باریک بینی سے سمجھنے اور ان پر دلیل کے ساتھ رائے دینے کی گنجائش کم ہو جاتی ہے۔ اویسی کے مطابق اسی نوعیت کے طریقۂ کار نے بامبے ہائی کورٹ کے سابق جج آر سی چوہان کو، جو اس عمل سے وابستہ تھے، استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔ ان کے بیان کے مطابق جس کمیٹی یا ڈھانچے کو رائے سازی کے لیے قائم کیا گیا، اس میں اقلیتی برادریوں کی نمائندگی موجود نہیں تھی، اس لیے اس عمل کی شفافیت اور جامعیت سوالیہ نشان بن گئی۔
 
یکسانیت سے کیا مراد ہے وضاحت کریں
بیرسٹر اویسی نے سوال اٹھایا کہ جب حکومت مہاراشٹر میں اس مرحلے پر نفاذ کی بات کر رہی ہے تو اسے لازماً یہ بھی واضح کرنا چاہیے کہ “یکسانیت” سے اس کی مراد کیا ہے، کون سے قوانین میں تبدیلی متوقع ہے، کون سے حقوق محفوظ رہیں گے اور کن رسوم و روایات کو کس بنیاد پر بدلا جائے گا۔ ان کے مطابق شہری قوانین کے میدان میں کسی بھی بنیادی تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب، مذاہب سے وابستہ ذیلی برادریوں، خواتین کی تنظیموں، قبائلی اور پس ماندہ طبقات، نیز قانونی ماہرین سمیت وسیع تر مکالمے کو یقینی بنایا جائے، بصورتِ دیگر ایسا عمل متنازع اور امتیازی سمجھے جانے کا خدشہ رہے گا۔
 
مسلم پرسنل لا پر توجہ مرکوز کرنا تعصب
رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کا کہنا تھا کہ اگر واقعی مقصد مساوات اور انصاف ہے تو سوالنامہ اس انداز میں ہونا چاہیے تھا کہ مختلف شخصی قوانین کے تمام پہلو—وراثت، شادی، طلاق، گود لینے، سرپرستی اور جائیداد کے نظم—بلا تفریق مذہب اور جنس کے یکساں طور پر زیرِ بحث آئیں۔ اویسی نے بطور مثال کہا کہ ہندو ان ڈیوائیڈڈ فیملی سے متعلق ٹیکس اور وراثتی مراعات ایک دیرینہ حقیقت ہیں جن پر بحث سے گریز کرتے ہوئے محض مسلم پرسنل لا کے بعض معاملات پر توجہ مرکوز کرنا تعصب کے زمرے میں آتا ہے۔
 
سوالنامے کو ازسر نو ترتیب دے حکومت 
صدر  کل ہند  مجلس اتحاد المسلمین نے مطالبہ کیا کہ حکومت سوالنامے کو شفاف، جامع اور غیر جانبدارانہ انداز میں ازسرِ نو ترتیب دے، کھلے پورٹل اور عوامی سماعتوں کے ذریعے تفصیلی آرا طلب کرے، اور ماہرین کی غیر جانب دار کمیٹی—جس میں اقلیتی برادریوں کے نامور قانون داں اور سماجی نمائندے شامل ہوں—کی نگرانی میں یہ عمل مکمل کرے۔ ان کے مطابق قانون کی تیاری محض سیاسی نعروں یا عجلت میں کیے گئے اقدامات کے بجائے ٹھوس شواہد، آئینی اصولوں اور بنیادی حقوق کے تقاضوں پر مبنی ہونی چاہیے۔ صدر مجلس اویسی نے متنبہ کیا کہ سطحی نوعیت کے “ہاں یا نہیں” والے فارم کے ذریعے پیچیدہ سماجی معاہدہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔