Friday, November 27, 2026 | 16 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • عہد کا اختتام: سینئر کانگریس رہنما اور موجودہ ایم ایل اے پیرزادہ محمد سعید 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

عہد کا اختتام: سینئر کانگریس رہنما اور موجودہ ایم ایل اے پیرزادہ محمد سعید 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 27 Nov 2026

عہد کا اختتام: سینئر کانگریس رہنما اور موجودہ ایم ایل اے پیرزادہ محمد سعید 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

جموں و کشمیر کی سیاست کے قدآور رہنما، کانگریس کے سینئر لیڈر اور اننت ناگ کے رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ جمعرات کی شام جموں میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ سرکاری حکام نے تصدیق کی کہ ان کی میت رات گئے جموں سے آبائی ضلع اننت ناگ لائی گئی اور صبح دمہال، اچھہ بل میں اپنے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ اور آخری دیدار کے لیے سینکڑوں سوگواروں نے شرکت کی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایک عہد کا خاتمہ
پیرزادہ محمد سعید کی سیاسی جدوجہد تین دہائیوں پر پھیلی رہی۔ وہ یونیورسٹی آف کشمیر سے قانون کی ڈگری کے حامل تھے اور اپنی شائستگی، سیاسی بصیرت اور نچلی سطح تک مضبوط عوامی رابطے کے سبب وادی میں وسیع احترام رکھتے تھے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 1987 میں کوکرناگ حلقے سے اسمبلی کی نشست جیتی، جبکہ 2002 اور 2008 میں بھی اسی نشست پر کامیاب رہے، تاہم 2014 میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 2023 کی حدبندی کے بعد کوکرناگ نشست شیڈولڈ ٹرائب امیدواروں کے لیے مخصوص ہوئی تو انہوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ سے قسمت آزمائی کی اور واپسی کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار محبوب بیگ کو 1,600 سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی اور 8 اکتوبر 2024 کو رکنِ اسمبلی کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

پیر زادہ محمد سعید کئی ذمہ داریاں سنبھالیں
مرحوم نے جماعتی سطح پر بھی اہم ذمہ داریاں سنبھالیں اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر رہے۔ حکومتی سطح پر ان کی خدمات 2002 سے 2014 کے دوران دو اہم اتحاد حکومتوں میں نمایاں رہیں۔ 2 نومبر 2002 کو وہ پہلی مرتبہ پی ڈی پی–کانگریس مخلوط حکومت میں، جو پہلے مفتی محمد سعید اور بعدازاں غلام نبی آزاد کی قیادت میں رہی، وزیر بنے اور تعلیم کی اہم وزارت کے ساتھ دیہی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، اور حج و اوقاف جیسے محکموں کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔ 2008 کے انتخابات کے بعد وہ نیشنل کانفرنس–کانگریس اتحاد کی عمر عبداللہ زیر قیادت حکومت میں دوبارہ کابینہ کا حصہ بنے اور بنیادی طور پر دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے کابینہ وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

کانگریس صدرنے پیش کیا خراج عقیدت
ان کے انتقال کی خبر پر سیاسی قیادت نے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کانگریس کے سابق صدر، سابق وزیر اور اننت ناگ کے ایم ایل اے پیرزادہ محمد سعید کی وفات انتہائی رنج کا باعث ہے، ان کی کانگریس سے غیر متزلزل وابستگی اور عوامی خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سی ایم عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی کا خراج
جموں و کشمیر کےوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی جماعت کے دفتر کے ذریعے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی طویل اور باوقار عوامی خدمت اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح کے لیے ان کی گرانقدر کاوشوں کو سراہا۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے انہیں ایک نفیس انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ منکسرالمزاج، گرم جوش اور اپنی قوم سے بے پناہ محبت رکھنے والے رہنما تھے، ان کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور متاثرہ افراد کے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

پیرزادہ محمد سعید 2024 کے انتخابات کے بعد وفات پانے والے دوسرے موجودہ ایم ایل اے ہیں۔ اس سے قبل نگروٹہ، جموں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے دیویندر رانا 31 اکتوبر 2024 کو انتقال کرگئے تھے۔