Friday, November 27, 2026 | 16 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • سردیوں میں بچوں کو بیماریوں سے کیسے بچائیں، ماہر امراض اطفال کےاہم مشورے

سردیوں میں بچوں کو بیماریوں سے کیسے بچائیں، ماہر امراض اطفال کےاہم مشورے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 27 Nov 2026

سردیوں میں بچوں کو بیماریوں سے کیسے بچائیں، ماہر امراض اطفال کےاہم مشورے
بدلتے موسم اور سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بچوں میں مختلف موسمی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کے پیش نظر والدین کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ منصف ٹی وی کے مقبولِ عام  پروگرام 'ہیلتھ اور ہم' میں آج اسی اہم موضوع یعنی موسمِ سرما میں بچوں کو درپیش مسائل اور ان کی دیکھ بھال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں رینبو چلڈرن ہاسپٹل حمایت نگر حیدرآباد کے کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن ڈاکٹر پی وی ایس سیویش نے بطور خاص شرکت کی اور والدین کی رہنمائی کے لیے انتہائی مفید طبی مشورے دیے۔
 
پروگرام کے دوران ڈاکٹر پی وی ایس سیویش نے بتایا کہ سردیوں کے موسم میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث وائرس تیزی سے پھیلتے ہیں جس کی وجہ سے بچے نزلہ زکام کھانسی بخار اور سانس کی تکالیف کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چھوٹے بچوں کی قوتِ مدافعت بڑوں کے مقابلے میں کمزور ہوتی ہے اس لیے وہ موسمی اثرات کو جلد قبول کر لیتے ہیں۔ خاص طور پر نومولود بچوں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں میں نمونیا اور برونکائٹس جیسی پیچیدگیوں کا اندیشہ زیادہ رہتا ہے جنہیں نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
 
ڈاکٹر سیویش نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو سرد ہواؤں سے بچانے کے لیے مناسب گرم کپڑے پہنائیں لیکن اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ بچے کو ضرورت سے زیادہ کپڑوں میں نہ لپیٹا جائے کیونکہ پسینہ آنے کے بعد ٹھنڈی ہوا لگنے سے طبیعت مزید بگڑ سکتی ہے۔ انہوں نے بچوں کی خوراک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں بچوں کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا دینی چاہیے جس میں تازہ سبزیاں موسمی پھل سوپ اور نیم گرم پانی شامل ہو۔ انہوں نے بازار کے ٹھنڈے مشروبات اور تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کرنے کی تاکید کی کیونکہ یہ چیزیں گلے کی خراش اور انفیکشن کو بڑھاوا دیتی ہیں۔
 
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر موصوف نے صفائی ستھرائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ہاتھ بار بار دھونے کی عادت ڈالیں اور اگر گھر میں کسی فرد کو نزلہ یا زکام ہو تو بچوں کو ان سے دور رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بچے کو تیز بخار ہو سانس لینے میں دشواری پیش آئے یا وہ دودھ پینا چھوڑ دے تو گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار کرنے کے بجائے فوری طور پر کسی ماہر اطفال سے رجوع کریں۔ منصف ٹی وی کے ناظرین نے اس معلوماتی نشست کو بے حد سراہا اور اسے والدین کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
 
 قارئین آپ ڈاکٹر پی وی ایس سیویش کی مکمل  بات چیت پرمشتمل ویڈیو یہاں👇 دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی دیگر ماہر ڈاکٹرز کی ہزاروں ویڈیوز منصف ٹی وی  ہیلتھ پر دیکھ سکتےہیں۔