Tuesday, November 17, 2026 | 06 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ نےچکھا ممبئی کے عام زندگی کا ذائقہ: گلی کرکٹ، وڑا پاؤ، کٹنگ چائے اور میٹرو سفر

پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ نےچکھا ممبئی کے عام زندگی کا ذائقہ: گلی کرکٹ، وڑا پاؤ، کٹنگ چائے اور میٹرو سفر

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 16 Nov 2026

پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ  نےچکھا ممبئی کے عام زندگی کا ذائقہ: گلی کرکٹ، وڑا پاؤ، کٹنگ چائے اور میٹرو سفر

برطانیہ کے پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے پیر کو ممبئی میں شاہی مصروفیات سے ہٹ کر شہر کی روزمرہ تہذیب و ثقافت کا قریب سے تجربہ کیا، جب انہوں نے تین روزہ دورۂ ہند کے آغاز پر سڑکوں پر کھیلی جانے والی گلی کرکٹ میں حصہ لیا، وڑا پاؤ چکھا، برگد کے درخت کے سائے میں کٹنگ چائے پی اور ممبئی میٹرو میں سفر بھی کیا۔ یہ دورہ چھٹے ارتھ شاٹ پرائز کی میزبانی کے تناظر میں ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیات سے تعلق سے چیلنجز کے حل تلاش کرنا ہے۔

ان کی پہلی مصروفیت ممبئی کے بالارڈ اسٹیٹ کی این مورارجی روڈ پر روایتی ڈھول تاشا کے استقبال سے شروع ہوئی، جہاں قدیم سینڈ اسٹون عمارتوں اور چھوٹی بالکونیوں نے ایک منفرد شہری منظر پیش کیا۔ یہاں ولیم اور کیٹ نے اسکول کی طالبات اور “گلی کرکٹ” نامی انسٹاگرام پلیٹ فارم کے اراکین کے ساتھ دوستانہ میچ کھیلا، جس میں کرکٹ لیجنڈ سچن تندولکر بھی شریک تھے۔ سفید قمیص، نیوی نیلا ہاف سلیو جیکٹ اور سیاہ پتلون میں ملبوس پرنس ولیم نے تقریباً 5 گیندیں کھیلیں اور پانچویں پر بولڈ ہوئے، پھر انہوں نے گیند بازی کی اور ایک اونچی شارٹ پر تندولکر کو کیچ آؤٹ کروا دیا۔ شہزادی کیٹ نے ہلکے سبز جیکٹ کے ساتھ سفید لباس میں بیٹنگ کرتے ہوئے لگ بھگ 2 اوور کھیلے اور آٹھویں گیند پر ولیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں، تاہم انہوں نے بھرپور انداز میں کھیل کا لطف اٹھایا۔

شرکائے محفل کے لیے یہ صرف کرکٹ نہیں تھا بلکہ ایک یادگار ملاقات تھی۔ وانشی کے انجمن اسلام کے عبدالعظیم ختم کھٹکے اسکول کی 15 سالہ طالبہ سحر کھوکھرا نے کہا کہ وہ خود کو خوش نصیب سمجھتی ہیں کہ شاہی جوڑے کے ساتھ کھیلیں اور اپنے آئیڈل تندولکر کا سٹریٹ ڈرائیو قریب سے دیکھیں، نیز انہیں ان کا آٹوگراف بھی ملا۔ “گلی کرکٹ” کے رکن آنند بھٹ نے بتایا کہ انہوں نے شہزادی کیٹ کا ایک شاٹ کیچ کیا تو شہزادی نے ان کی داد دی، اور یہ بھی انکشاف کیا کہ کینزنگٹن پیلس نے تقریباً ایک ماہ قبل ای میل کے ذریعے انہیں شرکت کی دعوت دی تھی۔

اسی مقام پر ممبئی کی پہچان کٹنگ چائے بھی پیش کی گئی، جو مٹی کے کلہڑ میں برگد کے بڑے درخت تلے لگے اسٹال پر پلائی گئی۔ بیہرو لال چودھری اور منوج ٹھاکر، جن کی چائے کی ریہڑی مقام سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر ہے، کو شاہی مہمانوں اور تندولکر کو چائے پیش کرنے کا موقع ملا۔ منوج ٹھاکر کے مطابق شہزادی نے چائے کی تعریف کرتے ہوئے اسے “لولی” قرار دیا۔ منتظمین نے مہمانوں کی شناخت آخری وقت تک خفیہ رکھی، چنانچہ کئی طلبہ کو معلوم نہ تھا کہ وہ کن سے ملنے والے ہیں۔