مدھیہ پردیش کے اٹارسی ریلوے اسٹیشن پر کاکروچ جنتا پارٹی کے کارکنوں کو ٹرین سے اتارے جانے کے بعد ہنگامہ برپا ہوگیا۔ یہ کارکن 10 اکتوبر کو دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لیے گوا ایکسپریس کی جنرل بوگی میں سوار ہوکر دہلی جا رہے تھے۔ پولیس کی کارروائی کے بعد کارکنوں نے احتجاج کیا اور مرکزی حکومت و انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، گوا ایکسپریس جب اٹارسی جنکشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے ٹرین کو گھیر لیا۔ اس دوران تقریباً 15 سے 16 کارکنوں کو ٹرین سے نیچے اتارا گیا، جن میں 11 مرد اور پانچ خواتین شامل تھیں۔ کارکنوں نے پولیس کی کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں زبردستی حراست میں لیا گیا اور ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ واقعے کے بعد اسٹیشن پر احتجاجی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔
سی جے پی کے مجوزہ احتجاج اور ریلوے انتظامیہ کے اقدامات کے درمیان مدھیہ پردیش میں ایک اہم ٹرین منسوخ کیے جانے کی اطلاع ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق، 9 اکتوبر 2026 کو رانی کملاپتی سے حضرت نظام الدین کے درمیان چلنے والی شانِ بھوپال ایکسپریس، ٹرین نمبر 12155، منسوخ کر دی گئی ہے۔ ریلوے حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی ٹرین کی تازہ صورتحال معلوم کرلیں۔ مسافروں کو سرکاری ریلوے انکوائری سروسز سے معلومات حاصل کرنے اور اسی کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دہلی کے جنتر منتر پر 10 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے پیشِ نظر پٹنہ سے دہلی جانے والی چار ٹرینوں کی منسوخی کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔ ان میں مگدھ ایکسپریس، تیجس راجدھانی ایکسپریس، سمپورن کرانتی ایکسپریس اور امرت بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ریلوے اسٹیشن کے نوٹس بورڈ پر بھی معلومات آویزاں کی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، 10 اکتوبر کو صبح 4 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان نئی دہلی اور حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشنوں پر پہنچنے والی میل اور ایکسپریس ٹرینوں کی منسوخی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ دونوں اسٹیشنوں کے اطراف شدید ٹریفک اور مسافروں کو پیش آنے والی ممکنہ مشکلات بتائی گئی ہے۔ ان اقدامات کے باعث دہلی جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسے میں مسافروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے ٹرین کے اوقات، منسوخی اور دیگر تبدیلیوں کی تصدیق کرلیں تاکہ سفر کے دوران غیر ضروری مشکلات سے بچا جاسکے۔







