Saturday, November 21, 2026 | 10 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کا امِت شاہ کو چیلنج: حیدرآباد سے الیکشن میں اسد الدین اویسی کو شکست دے کر دکھائیں

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کا امِت شاہ کو چیلنج: حیدرآباد سے الیکشن میں اسد الدین اویسی کو شکست دے کر دکھائیں

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 20 Nov 2026

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کا امِت شاہ کو چیلنج: حیدرآباد سے الیکشن میں اسد الدین اویسی کو شکست دے کر دکھائیں

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے۔ ریوَنت ریڈی نے مرکزی وزیرِ داخلہ امِت شاہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی حوصلہ ہے تو وہ حیدرآباد لوک سبھا نشست سے انتخاب لڑیں اور مقامی رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کو شکست دے کر دکھائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیرِاعظم نریندر مودی، امِت شاہ اور اسد الدین اویسی محض ہندو اور مسلم ووٹوں کی قطب بندی کے ذریعے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور ان کے درمیان حقیقی سیاسی مسابقت کم ہے، جب کہ کانگریس تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔

تلنگانہ وزیراعلی کے یہ ریمارکس جمعہ کو حیدرآباد کے ہوٹل پارک حیات میں منعقدہ اے بی پی نیوز کے باوقار فورم ’سدرن رائزنگ سمِٹ 2026‘ میں ان کی تقریر کے دوران سامنے آئے، جہاں انہوں نے تازہ سیاسی پیش رفت اور قومی پالیسی امور پر اپنا مؤقف واضح کیا۔

ریوَنت ریڈّی نے مرکز کی مجوزہ ڈی لیمیٹیشن یعنی انتخابی حلقہ بندیوں کی ازسرِنو تقسیم کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ کسی ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے جنوبی ہند کے مستقبل کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

ان کے مطابق اگر لوک سبھا نشستوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا تو صرف شمالی ریاستوں کی نشستوں کے بل پر حکومت سازی ممکن ہو جائے گی اور جنوبی ریاستوں کی آواز کمزور پڑ جائے گی۔ انہوں نے مفروضہ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی لیمیٹیشن کے بعد کل نشستیں 850 تک جا سکتی ہیں جن میں سے تقریباً 650 شمالی ہند کو اور تقریباً 195 جنوبی ہند کو ملنے کا امکان ہے، جس سے طاقت کا عدم توازن حد سے بڑھ جائے گا۔

مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت کیرالہ کی 20 اور اترپردیش کی 80 نشستوں کے درمیان 60 کا فرق ہے، لیکن 50 فیصد اضافے کے بعد کیرالہ 30 اور یوپی 120 تک جا سکتا ہے، یوں فرق 90 ہو جائے گا، اور ایسے بڑے فرق کے ہوتے ہوئے مرکز کی تشکیل میں جنوبی ریاستوں کو نظرانداز کیے جانے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عددی اکثریت نمایاں اہمیت رکھتی ہے اور یاد دلایا کہ اٹل بہاری واجپئی کی حکومت محض 1 ووٹ سے گری تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کل 850 میں سے 650 نشستیں شمال کو ملیں اور کوئی جماعت معمولی اکثریت بھی لے آئے تو جنوبی ہندوستان کی ترجیحات یکسر حاشیے پر چلی جائیں گی، جسے انہوں نے وقتی سیاسی مفاد کے لیے خطرناک تجربہ قرار دیا۔

متحدہ آندھرا پردیش کے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 175 (آندھرا) اور 119 (تلنگانہ) نشستوں کے تناسب میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی ہوئی تھی، اسی لیے جدوجہد کے بعد علٰحدہ ریاست قائم ہوئی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ریاستوں، آبادی اور جی ڈی پی کی بنیا د پر ’50 فیصد فارمولہ‘ متوازن انداز میں نافذ کیا جائے۔