ڈھاکہ میں جمعہ کو منز بلائنڈ ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل کے بارش سے متاثر ہونے کے بعد پاکستان کو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر چیمپئن قرار دیے جانے پر ہندوستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے زبردست احتجاج کیا، انعامی تقریب سے واک آؤٹ کیا اور آئندہ میچوں کے بائیکاٹ کی دھمکی دی۔
یہ فیصلہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے کھیل کی شرائط کی تشریح پر شدید تنازعہ کا باعث بنا، کیونکہ ہندوستانی کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے موقف اختیار کیا کہ قوانین کی غلط تعبیر کی گئی اور فائنل میں دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جانا چاہیے تھا۔
کرکٹ ایسوسی اییشن فار دی بلائنڈ اِن انڈیا کے سیکریٹری شیلندرا نے انڈیا ٹوڈے سے گفتگو میں کہا کہ جب تک تنازعہ حل نہیں ہوتا ہندوستان پاکستان سے نہیں کھیلے گا۔ ان کے بقول پاکستان نے فائنل کھیلے بغیر دباؤ ڈال کر خود کو فاتح منوا لیا، جو انتہائی شرمناک ہے، اور نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر فائنل کا فیصلہ کرنا غیر مناسب ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ چونکہ ایونٹ بنگلہ دیش میں تھا اس لیے پاکستان نے مقام اور حالات کا فائدہ اٹھایا، پی سی بی اور ڈبلیو بی سی سی عہدیدار سلطان شاہ کو قواعد سمجھنے کا کہا اور سوال اٹھایا کہ آئی سی سی یا ڈبلیو بی سی سی کے قانون میں فائنل کے لیے رن ریٹ کی گنجائش کہاں ہے۔
شیلندرا کے مطابق فائنل کے فیصلے کے لیے لازمی طور پر ریزرو ڈے ہونا چاہیے تھا، اور اگر نہ ہو تو میچ ڈرا یا مشترکہ فاتح قرار دینا بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بغیر ایک گیند کرائے پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا اور میچ ریفری پر دباؤ ڈالا گیا۔
متنازعہ صورتحال تب پیدا ہوئی جب اطلاعات کے مطابق ڈبلیو بی سی سی کے صدر اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے سربراہ سلطان شاہ نے ٹیکنیکل کمیٹی کی اس سفارش کو مسترد کر دیا جس میں ہندوستان اور پاکستان کو مشترکہ فاتح ماننے کی بات کہی گئی تھی، اور میچ ریفری کو ہدایت دی گئی کہ رن ریٹ میں آگے ہونے کی بنیاد پر پاکستان کو چیمپئن قرار دیں۔
ہندوستانی دستے نے کھیل کی شرائط کی تشریح پر اعتراض کیا اور کہا کہ فائنل کے نتیجے کے لیے نیٹ رن ریٹ کا استعمال اصولاً لیگ مرحلے تک محدود ہوتا ہے۔ ایک میچ آفیشل نے بھی کہا کہ متعلقہ شق واضح ہونے کے باوجود درست انداز میں تحریر اور نمایاں نہیں کی گئی، اور کپتانوں کی میٹنگ میں اس تبدیلی پر بحث نہیں ہوئی۔






