Friday, November 20, 2026 | 09 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جے کے ایس ایس بی امتحانی گھپلوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرنے التجا مفتی کامطالبہ

جے کے ایس ایس بی امتحانی گھپلوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرنے التجا مفتی کامطالبہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 20 Nov 2026

جے کے ایس ایس بی امتحانی گھپلوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرنے التجا مفتی کامطالبہ

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التیجا مفتی نے جمعہ کو الزام عائد کیا کہ جموں و کشمیر میں سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے ایک منظم بھرتی مافیا سرگرم ہے جو نوجوان امیدواروں کے مستقبل سے کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ایس ایس بی کے تحت ہونے والے امتحانات میں بار بار بے ضابطگیوں اور منسوخیوں نے پورے بھرتی نظام کی شفافیت اور ساکھ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، اس لیے تازہ فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے امتحان سے متعلق تنازعہ کی غیرجانبدارانہ اور جامع تحقیقات ناگزیر ہیں۔

التیجا مفتی، جو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی صاحبزادی بھی ہیں، نے جے کے ایس ایس بی کی اس وضاحت کو مسترد کیا کہ ایف اے اے امتحان میں مبینہ نقل یا تکنیکی بے ضابطگی کوئی واحد اور الگ تھلگ واقعہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019 سے پولیس سب انسپکٹر، جل شکتی، فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے امتحانات بھی الزامات، پیپر لیک، بے ضابطگیوں اور بالآخر منسوخیوں کی زد میں رہے ہیں، جس سے امیدواروں کا اعتماد ٹوٹ رہا ہے۔ ان کے مطابق اتنے کم وقت میں بورڈ کا خود کو کلین چٹ دینا ناقابل فہم ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ بھرتی کے ڈھانچے میں کہیں نہ کہیں منظم بدعنوانی موجود ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری ملازمین اور بھرتی عمل سے تعلق سے کچھ افراد کا ایک نیٹ ورک سرکاری نوکری کے خواہشمند نوجوانوں کا استحصال کرتا ہے۔ التیجا کے مطابق تازہ معاملے میں جے کے ایس ایس بی اور متعلقہ محکموں کے بعض افراد کے مبینہ ملوث ہونے کی رپورٹس اس امر کی متقاضی ہیں کہ تفتیش مکمل طور پر غیرجانبدار ادارے کے سپرد کی جائے اور ہر کڑی کی چھان بین ہو۔

انہوں نے بتایا کہ امیدواروں پر مالی دباؤ بھی شدید ہے کیونکہ جے کے ایس ایس بی ہر سال فارم اور امتحانی فیسوں کی مد میں بھاری رقم وصول کرتا ہے، اور اندازاً 2023 سے 2026 کے دوران تقریباً 113 کروڑ روپے جمع کیے گئے۔ ان کا سوال تھا کہ جب امتحانات بار بار منسوخ ہونے ہیں تو ہزاروں نوجوانوں سے فیسیں کیوں لی جاتی ہیں، انہیں تیاری کے طویل اور مہنگے مرحلے سے کیوں گزارا جاتا ہے اور پھر تنازعات کی نذر کیوں کیا جاتا ہے؟

التیجا مفتی نے 2022 میں امتحانات کے انعقاد کے لیے اپ ٹیک نامی کمپنی کی شمولیت پر بھی سوال اٹھایا، جسے انہوں نے بلیک لسٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے حساس عمل کے لیے کسی بھی فرم کا پس منظر کڑی جانچ کا متقاضی تھا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ جے کے ایس ایس بی ان کے کنٹرول میں نہیں، اور یاد دلایا کہ مئی میں انہی کی زیر صدارت بورڈ کے کام کاج کے جائزے کی خبر شیئر کی گئی تھی۔