یوکرین کے شمالی قصبے ہلوہیف میں روسی ڈرون حملے نے ایک چھوٹے گھر کو نشانہ بنایا، ملبے تلے ایک 9 سالہ لڑکا اور اس کی دادی دب گئے۔ ہفتہ کے روز دو یوکرینی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، خاتون کے زخمی بازو پر ٹورنیکیٹ باندھا اور دونوں کو اپنی گاڑی میں منتقل کرنے لگے، مگر اسی دوران دوسرا ڈرون ان کی گاڑی پر آ گرا۔
وزارت داخلہ کے مطابق اہلکار میکولا ساوچینکو اس حملے میں ہلاک ہوگئے، وہ لڑکے کو اپنے جسم سے ڈھانپے ہوئے تھے۔ ایسے دوہرے حملے اب جنگ کے پانچویں سال میں یوکرین کی روزمرہ حقیقت بن چکے ہیں اور مبصرین کے نزدیک یہی حکمت عملی سفارتی محاذ پر بھی دیکھی جا رہی ہے، جہاں ماسکو بیک وقت کییف اور اس کے ممکنہ مددگاروں، یعنی نیٹو اور یورپ، کو ہدف بنا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے ابو ظہبی میں ماسکو، کییف اور واشنگٹن کے سہ فریقی مذاکرات میں روسی سفارت کاروں نے ایسی شرائط پیش کیں جو کسی فوری جنگ بندی یا امن سمجھوتے سے کہیں آگے جاتی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق کریملن نے جنگ بندی کی گفتگو سے توجہ ہٹا کر یوروپی سلامتی کے بعد از سرد جنگ ڈھانچے کو عملاً ادھیڑنے والی مانگوں پر مرکوز کر دی ہے۔
روس کی جانب سے مغربی میڈیا میں شائع افشا شدہ دستاویزات کے مطابق مطالبہ کیا گیا کہ نیٹو اپنے وسطی اور مشرقی یورپ سے فوجیں واپس بلائے اور مزید توسیع پر پابندی لگائے۔ ساتھ ہی ماسکو انفرادی یورپی ممالک، مثلاً اسٹونیا یا فن لینڈ، کے ساتھ عدم جارحیت معاہدے چاہتا ہے، جنہیں روسی مذاکرات کار الیکسی ڈروبینن نے اضافی انفرادی سلامتی کی ضمانتوں کے طور پر پیش کیا۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے سلسلہ وار معاہدے نیٹو کے بنیادی اصول، یعنی 32 رکن ممالک پر اجتماعی دفاع کی ضمانت، کو کمزور کر سکتے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کے سابق سفارت کار بوریس بونداریو کے بقول اگر یہ راستہ اپنایا گیا تو نیٹو عملاً بکھر جائے گا اور یورپی ممالک روس کے سامنے تنہا رہ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ بغیر ایک گولی چلائے یا ایک سپاہی کھوئے روس کے سامنے جھک سکتا ہے، اور یہ یورپی و نیٹو اتحاد کو توڑنے کی کھلی کوشش ہے۔ ان کے مطابق عدم جارحیت معاہدوں میں ممکنہ شرائط دستخط کنندہ ملک کو مستقبل کے کسی یورپی تنازعہ میں شامل ہونے سے روک دیں گی، جس سے اجتماعی دفاع کا امکان ختم ہو جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق روس نے یہ مطالبات امریکی خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف کو پیش کیے، یورپی قائدین کو براہ راست نہیں۔ کییف میں اسٹریٹجک انٹیلیجنس انسٹیٹیوٹ کی ماریہ کوچیرینکو نے کہا کہ روس ہمیشہ کی طرح زیادہ سے زیادہ لینے کی روش پر ہے اور سیاسی مفاد کو سلامتی پر فوقیت دے رہا ہے۔ کشنر نے مذاکرات کو بہت مشکل، جذباتی اور پیچیدہ قرار دیا۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلینسکی نے ردعمل میں کہا کہ ولادیمیر پوتن ایک مختلف حقیقت میں رہتے ہیں۔







