Wednesday, November 18, 2026 | 07 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • سپریم کورٹ نے اعظم خان کی عبوری ضمانت برقرار رکھی

سپریم کورٹ نے اعظم خان کی عبوری ضمانت برقرار رکھی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 18 Nov 2026

سپریم کورٹ نے اعظم خان کی عبوری ضمانت برقرار رکھی

سپریم کورٹ نے بدھ کو سینئر سماج وادی پارٹی  لیڈر اعظم خان کی منی لانڈرنگ کیس میں ملی عبوری ضمانت پر حکم امتناع دینے سے انکار کر دیا اور ریمارک دیا کہ آسمان نہیں ٹوٹنے والا، اس لیے وہ عبوری ضمانت پر رہیں گے۔

چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں جسٹس باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بینچ نے یہ فیصلہ سناتے ہوئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی اس عرضی کو البتہ جمعرات کے لیے فہرست میں لگا دیا جس میں الہٰ آباد ہائی کورٹ کے 17 نومبر کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت اٹھا جب ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے فوری سماعت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عبوری ضمانت کے سلسلے میں اسٹیٹس کو کا حکم جاری کیا جائے، بصورت دیگر وہ باہر ہو جائیں گے۔ بینچ نے جواب دیا کہ معاملہ جمعرات کو سماعت کے لیے لگا دیا جائے گا۔

الہٰ آباد ہائی کورٹ نے 17 نومبر کو اعظم خان کو عبوری ضمانت دی تھی۔ عدالتِ عالیہ کے مطابق گرفتاری کے وقت ای ڈی نے تحریری بنیادِ گرفتاری فراہم نہیں کی، جو آئینی و قانونی تقاضہ ہے۔ عدالت نے ای ڈی کو ایک ہفتے میں تفصیلی جواب داخل کرنے اور خان کو 10 دن میں جواب الجواب دینے کی مہلت دی، جب کہ اگلی سماعت 10 دسمبر کو مقرر ہے۔ پیر کو ہائی کورٹ نے یہ بھی ہدایت دی کہ ای ڈی حلف نامے کے ذریعے واضح کرے کہ کیا گرفتاری کے وقت تحریری وجوہات خان کو فراہم کی گئی تھیں یا نہیں۔

ای ڈی کی جانب سے ایس وی راجو نے سپریم کورٹ میں کہا کہ ہائی کورٹ نے عبوری مرحلے پر ایسے آرڈر پاس کیا گویا یہ حتمی ہو، اور یہ فیصلہ عجلت میں ہوا۔ ان کا مؤقف تھا کہ افسران نے رام پور جیل کے باہر دستاویزات دینے کی کوشش کی مگر خان نے لینے سے انکار کیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے کہا کہ وہ درخواست سماعت کے لیے مقرر کر رہی ہے اور اسی بنا پر اسٹیٹس کو کا کوئی حکم درکار نہیں۔

کیس کا پس منظر یہ ہے کہ ای ڈی نے 31 اکتوبر کو اعظم خان کو رام پور ضلع جیل کے باہر اس وقت منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لیا جب وہ دوہرے پین کارڈ فراڈ کیس میں ضمانت پر رہائی پا کر جیل گیٹ سے باہر نکل رہے تھے۔ سپریم کورٹ نے 5 نومبر کو ان کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست کو ہائی کورٹ منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد خان نے الہٰ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔