Tuesday, November 24, 2026 | 13 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • شیخ حسینہ کا یومِ فتح پر ڈھاکہ واپسی کا اعلان، بنگلہ دیشی حکومت نے گرفتاری کا انتباہ دے دیا

شیخ حسینہ کا یومِ فتح پر ڈھاکہ واپسی کا اعلان، بنگلہ دیشی حکومت نے گرفتاری کا انتباہ دے دیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 24 Nov 2026

 شیخ حسینہ کا یومِ فتح پر ڈھاکہ واپسی کا اعلان، بنگلہ دیشی حکومت نے گرفتاری کا انتباہ دے دیا

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے تقریباً دو سال سے زائد عرصے تک ہندوستان میں جلاوطنی اختیار کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے بنگلہ دیش کے یومِ فتح کے موقع پر ڈھاکہ واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے واضح کردیا ہے کہ ملک واپسی پر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، شیخ حسینہ کے ترجمان سید معظم علی نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے بنگلہ دیشی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی دہلی سے ڈھاکہ واپسی کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے ذریعے ان کے سفر کا انتظام کیا جائے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چونکہ شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو بنگلہ دیشی طیارے کے ذریعے ہندوستان پہنچی تھیں، اس لیے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کی وطن واپسی کو یقینی بنائے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی حکومت نے ان کے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی صرف قانونی طریقہ کار اور ہندوستان سے حوالگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور شمع عابد اسلام نے کہا ہے کہ اگر شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ ڈھاکہ نے ہندوستان سے حوالگی کے معاہدے کے تحت ان کی واپسی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والی ملک گیر احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد ہندوستان منتقل ہوگئی تھیں۔ ان کے پندرہ سالہ اقتدار کا خاتمہ کرنے والی اس تحریک کے دوران اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

نومبر 2025 میں بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے احتجاجی مظاہروں کے خلاف کارروائی کے معاملے میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم شیخ حسینہ اس فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے مسترد کرچکی ہیں۔

ان کی جماعت عوامی لیگ پر بھی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے پابندی عائد ہے۔ ایسے میں 16 دسمبر کو ان کی ممکنہ واپسی بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ اب سب کی نظریں ہندوستان اور بنگلہ دیشی حکومت کے آئندہ اقدامات پر مرکوز ہیں۔