Monday, November 23, 2026 | 12 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • مغربی بنگال میں بے دریغ گائے کے ذبح پر ممانعت، حکومت سخت قانون لائے گی: وزیر اعلیٰ

مغربی بنگال میں بے دریغ گائے کے ذبح پر ممانعت، حکومت سخت قانون لائے گی: وزیر اعلیٰ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 23 Nov 2026

مغربی بنگال میں بے دریغ گائے کے ذبح پر ممانعت، حکومت سخت قانون لائے گی: وزیر اعلیٰ

کلکتہ میں پیر 23 نومبر کو ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعدوزیر اعلیٰ سويندو اداھیکاری نے کہا کہ ان کی حکومت مغربی بنگال میں بے دریغ گائے کے ذبح کی اجازت نہیں دے گی اور اس رجحان کی روک تھام کے لیے موجود قانونی دفعات کو مضبوط بنانے والا نیا بل لایا جائے گا۔ انہوں نے سکریٹریٹ نبانّا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریاست میں ’گاؤ ماتا‘ کو نقصان پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی اور کابینہ کے فیصلوں کو اسی تناظر میں دیکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کابینہ نے بیمار اور ضعیف گایوں کی نگہداشت کے لیے راشٹریہ گوکل مشن کے تحت ریاست کے گاؤشالاؤں کو سالانہ زیادہ سے زیادہ 1 لاکھ روپے تک مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ دیسی مویشی نسلوں کی حفاظت، جینیاتی بہتری اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔ اداھیکاری نے کہا کہ ریاست میں حیوانات کے ذبح سے متعلق پہلے سے موجود قانون کی بنیاد پر خفیہ اور غیر قانونی ذبح کے خلاف کڑی کاروائی جاری ہے، اور گزشتہ 6 ماہ میں متعدد معاملات میں ملزمان کے خلاف کاروائی ہو چکی ہے۔

انہوں نے بظاہر مغربی بنگال اینیمل اسلاٹر کنٹرول ایکٹ 1950 کا حوالہ دیتے ہوئے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس قانون کے سخت نفاذ پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ ایسی سرگرمیوں کی اطلاع ملتے ہی حکومت کو تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ فوری اقدام کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ غیر قانونی ذبح کی اطلاع موصول ہوتے ہی تیز رفتار کاروائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا بل پیش کیا جائے گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ذبح خانوں میں بھی ذبح پر پابندی ہوگی تو انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی ذبح اور قانون کے دائرے میں ہونے والا ذبح دو الگ معاملات ہیں، اگر کسی منظورہ شدہ ذبح خانے میں اجازت ہو تو وہاں عمل کیا جا سکتا ہے۔ مئی میں بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے نئی ہدایات جاری کی تھیں جن کے تحت گائے، بیل اور بھینس سمیت مویشیوں کے ذبح سے قبل فٹنس سرٹیفکیٹ لازم قرار دیا گیا۔

ان ہدایات کے مطابق صرف مجاز مقامی افسران اور سرکاری ویٹرنری سرجن کے سرٹیفکیٹ کے بعد اور مقررہ ذبح خانوں میں ہی ذبح ممکن ہوگا، جبکہ کھلے عوامی مقامات پر ذبح پر پابندی ہے اور خلاف ورزی پر 6 ماہ تک قید، 1,000 روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے بھی مئی کی اس حکومتی نوٹیفکیشن پر حکمِ امتناع دینے سے انکار کیا تھا اور قرار دیا تھا کہ یہ بڑی حد تک 1950 کے قانون کے نفاذ سے متعلق عدالت کی پہلے کی ہدایات کے مطابق ہے۔