Monday, November 23, 2026 | 12 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • ترقی پذیر ممالک میں ایم ایس ایم ایز کے لیے مالی رسائی کا خلا 4 کھرب ڈالر: عالمی بینک کی رپورٹ

ترقی پذیر ممالک میں ایم ایس ایم ایز کے لیے مالی رسائی کا خلا 4 کھرب ڈالر: عالمی بینک کی رپورٹ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 23 Nov 2026

ترقی پذیر ممالک میں ایم ایس ایم ایز کے لیے مالی رسائی کا خلا 4 کھرب ڈالر: عالمی بینک کی رپورٹ

عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کو مالی رسائی میں 4 کھرب ڈالر کا خلا درپیش ہے، جو ان کی نمو، تجارت، مسابقت اور بڑے پیمانے پر روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت کو محدود کر رہا ہے۔ یہ اندازہ عالمی بینک کے فنانس اینڈ پراسپیڑٹی 2026 کے عنوان سے جاریہ رپورٹ میں سامنے آیا۔

رپورٹ کے مطابق ابھرتی معیشتوں اور ترقی پذیر ملکوں میں کاروباروں کا 90% حصہ ایم ایس ایم ایز پر مشتمل ہے اور یہ 75% افرادی قوت کو روزگار دیتی ہیں، اس کے باوجود قرض اور ایکوئٹی سرمایہ تک رسائی میں نمایاں رکاوٹیں برقرار ہیں۔ رپورٹ کا کہنا ہے کہ باضابطہ قرض ملنے سے کسی ادارے میں روزگار اوسطاً 12% بڑھتا ہے، جب کہ فروخت اور منافع میں تقریباً 18% اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی بینک کے مطابق 2019 سے 2023 کے دوران ایم ایس ایم ایز کے مالیاتی خلا کا حجم بڑھ کر $4 کھرب تک پہنچ گیا۔

ادارے نے توجہ دلائی کہ آئندہ 10 سے 15 برس میں ترقی پذیر ممالک میں 1.2 ارب نوجوان کام کرنے کی عمر کو پہنچیں گے، اس لیے اس خلا کو پُر کرنا تیزی سے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے فیصلہ کن ہوگا۔ رپورٹ میں ہندوستان کی مثال دیتے ہوئے کہا گیا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ڈیٹا پر مبنی فنانس میں نمایاں وسعت کی صلاحیت سامنے آئی ہے، تاہم بغیر ضمانت خوردہ اور مائیکروفنانس قرضوں میں ابھرتے ہوئے خطرات کمزوریوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستان، برازیل اور چین میں فِن ٹیک کمپنیوں نے کروڑوں ایسے قرض گیران تک رسائی حاصل کی جو پہلے بینکاری نظام سے محروم تھے، اور یہ شمولیت کی وہ رفتار ہے جو عشروں کی روایتی وساطت سے ممکن نہ ہو سکی۔ اگرچہ یہ وسعت زیادہ تر انفرادی صارفین اور خرد کاروباریوں میں مرکوز رہی ہے، مگر یہی ڈیجیٹل ڈھانچہ اور ڈیٹا پر مبنی حل وسیع تر ایم ایس ایم ای سیکٹر کی مالی ضروریات پوری کرنے کی قابلِ تکرار صلاحیت رکھتے ہیں۔

عالمی بینک گروپ کے نائب صدر برائے خوش حالی نے کہا کہ ایم ایس ایم ایز کی نمو کے سامنے چار بڑی رکاوٹیں ہیں: ان کے لین دین کا ڈیجیٹل نقش کم ہونے کے باعث یہ مالیاتی نظام کی نظر سے اوجھل رہتی ہیں، منڈیوں اور خدمات سے کٹاؤ کا شکار ہیں، پیچیدہ ضوابط کا بوجھ اٹھاتی ہیں، اور دائمی مالی کمی سے دوچار ہیں۔

رپورٹ نے قدرتی آفات کے مقابل انشورنس تحفظ کے بڑھتے خلا پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ہندوستان میں قدرتی آفات سے ہونے والے کل نقصانات کا تقریباً 91% حصہ بیمہ کوریج سے باہر رہتا ہے، جو مالی لچک میں کمزوری کی واضح علامت ہے۔ عالمی بینک نے حکومتوں، ریگولیٹرز اور نجی شعبے سے کہا کہ وہ ڈیجیٹل عوامی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں، شواہد پر مبنی ضابطہ سازی اپنائیں اور سرمائے تک رسائی کے عملی راستے کھولیں تاکہ روزگار اور پیداواریت میں گنجائش پیدا ہو اور ایم ایس ایم ایز ترقی کی مرکزی محرک بن سکیں۔