Monday, November 23, 2026 | 12 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • کریشی بھون کی قدیمی مسجد کو عبادت گاہوں کے قانون کے تحت تحفظ حاصل، وقف بورڈ کا دہلی ہائی کورٹ میں موقف

کریشی بھون کی قدیمی مسجد کو عبادت گاہوں کے قانون کے تحت تحفظ حاصل، وقف بورڈ کا دہلی ہائی کورٹ میں موقف

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 23 Nov 2026

کریشی بھون کی قدیمی مسجد کو عبادت گاہوں کے قانون کے تحت تحفظ حاصل، وقف بورڈ کا دہلی ہائی کورٹ میں موقف

دہلی ہائی کورٹ میں کریشی بھون واقع قدیمی مسجد کے تحفظ سے متعلق ایک اہم سماعت کے دوران دہلی وقف بورڈ نے حلف نامہ دائر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے اس منصوبے کی مخالفت کی ہے جس کے تحت سنٹرل وسٹا کی ازسرِنو تعمیر کے پروجیکٹ میں مسجد کو ہٹانے کی بات کہی گئی ہے۔

وقف بورڈ نے 17 نومبر کو جمع کرائے گئے اپنے حلف نامے میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ مسجد باقاعدہ نوٹیفائیڈ وقف جائداد ہے، اس لیے اسے ہٹانے کی سرکاری دلیل قبل از وقت ہے اور قانوناً غیر موزوں معلوم ہوتی ہے۔ بورڈ نے کہا کہ چونکہ یہ مسجد 149 برس سے زائد قدیم ہے، اس کا تاریخی اور مذہبی تشخص محفوظ رہنا چاہیے اور جہاں ضرورت ہو متعلقہ ورثہ اتھارٹیز سے مشاورت کے ساتھ مناسب حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

یہ معاملہ جسٹس انیش دیال کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ مسجد کی دیکھ بھال کرنے والی کمیٹی نے مجوزہ انہدام کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور واضح کیا کہ وہ سنٹرل وسٹا کے ازسرِنو ترقیاتی منصوبے کے خلاف نہیں، مگر مسجد کے وجود اور عبادتی استعمال کے تسلسل کے حق میں ہیں۔ دوسری جانب لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے اپنے جواب میں کہا کہ کریشی بھون اور سنٹرل سیکریٹریٹ کمپلیکس سیکولر سرکاری احاطے ہیں، لہٰذا مرکزی سرکاری دفاتر کے اندر کسی مستقل مذہبی ڈھانچے کا قیام یا برقرار رکھنا اس سیکولر کردار سے ہم آہنگ نہیں۔

وقف بورڈ نے اس استدلال کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسے غلط اور ناقابلِ قبول سمجھا جائے، کیونکہ مسجد کی نوٹیفائیڈ وقف حیثیت، اس کا مذہبی تشخص اور اسے حاصل قانونی تحفظ کسی انتظامی اصطلاح یا زمرہ بندی سے خارج نہیں کیے جا سکتے۔ بورڈ نے عبادت گاہوں کے تحفظ سے متعلق قانون 1991 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسجد دفعہ 2(ج) کے تحت عبادت گاہ کے زمرے میں آتی ہے اور 15 اگست 1947 کو اس کی جو مذہبی حیثیت تھی، اسے دفعہ 4(1) کے تحت قانونی تحفظ حاصل ہے، جسے ازسرِنو ترقی کے نام پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بورڈ کے مطابق کسی بھی ری ڈیولپمنٹ تجویز میں ایسے قابلِ عمل متبادل پر غور ضروری ہے جو مسجد کے موجودہ ڈھانچے اور اس کے عبادتی استعمال کو برقرار رکھیں، نہ کہ اس کے انہدام کو منصوبے کا لازمی نتیجہ سمجھ لیا جائے۔

آج کی سماعت میں مسجد کی کیئرٹیکنگ کمیٹی کی نمائندگی سینئر وکیل سلمان خورشید نے کی اور حکومت سے گزارش کی کہ مسجد تک رسائی میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ حکومت کی طرف سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما پیش ہوئے۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ جب تک کام شروع نہیں ہوتا، مسجد تک رسائی میں رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی۔ سلمان خورشید نے عدالت کے ریمارکس کو کافی قرار دیا۔ عدالت نے دہلی وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ نمازی محمد یاسر کی جانب سے دی گئی نمائندگی کا جواب 4 ہفتے میں داخل کیا جائے۔ مزید سماعت جنوری 2027 میں مقرر ہے۔

اس معاملے میں مرکز کی نمائندگی سنٹرل گورنمنٹ اسٹینڈنگ کاؤنسل نشانت گوتم نے کی، دہلی وقف بورڈ کی جانب سے اسٹینڈنگ کاؤنسل تشر سنّو پیش ہوئے، جب کہ پٹیشنر محمد یاسر کی پیروی وکیل صوفیان صدیقی نے کی اور نئی دہلی میونسپل کونسل کی نمائندگی اسٹینڈنگ کاؤنسل سوربھ سیٹھ نے انجام دی۔