اجے دیوگن کی حالیہ ریلیز فلم دریشیم 3 ان دنوں شائقین کے درمیان خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ فلم کی کہانی اور اداکاری کو ناظرین کی جانب سے پسند کیا جا رہا ہے، جبکہ باکس آفس پر بھی فلم کی کارکردگی کو اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ابھیشیک پاٹھک نے کی ہے۔فلم کی کامیابی کے درمیان ہدایت کار ابھیشیک پاٹھک کی اہلیہ اور اداکارہ شوالیکا اوبرائے نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس میں وہ تھیٹر میں ’درشیم 3‘ دیکھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ فلم کے اختتامی کریڈٹس میں ابھیشیک پاٹھک نے شوالیکا کے لیے ایک خصوصی پیغام شامل کیا تھا۔ اس پیغام کو بڑی اسکرین پر دیکھ کر شوالیکا جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلم کے اختتام پر شوالیکا کے لیے خصوصی پیغام اسکرین پر آتا ہے۔ ابھیشیک نے فلم کی تیاری اور اس کے پورے سفر کے دوران اپنی اہلیہ کی حمایت اور ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ یہ لمحہ شوالیکا کے لیے اس قدر جذباتی تھا کہ وہ اپنے آنسو نہیں روک سکیں۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بڑی اسکرین پر اس پیغام کو دیکھنا ان کے لیے ایک خاص اور یادگار تجربہ تھا۔
شوالیکا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جب انہوں نے یہ پیغام بڑی اسکرین پر دیکھا تو ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ملنے والے پیغامات سے اندازہ ہوا کہ یہ لمحہ صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ بہت سے دوسرے لوگوں کے لیے بھی خاص تھا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ جب ابھیشیک نے ’درشیم‘ کا سفر شروع کیا تھا، اس وقت دونوں کو معلوم نہیں تھا کہ آگے زندگی کیا رخ اختیار کرے گی۔ اس سفر کے دوران قربانیاں دینی پڑیں، مشکل وقت آیا، ایک دوسرے سے دور رہنا پڑا اور کئی ایسے مواقع بھی آئے جب ان کے رشتے کا امتحان ہوا۔ شوالیکا نے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود انہیں ہمیشہ اپنے شوہر، ان کی سوچ اور ان کے کام پر یقین رہا۔
شوالیکا نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جب لوگ ابھیشیک کے کام کی تعریف کر رہے ہیں تو انہیں لگتا ہے کہ اس سفر کی تمام مشکلات اور قربانیاں بے معنی نہیں تھیں۔ انہوں نے اپنی بیٹی آریکا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اسے دیکھتی ہیں تو سوچتی ہیں کہ ایک دن وہ یہ جان کر کتنا فخر محسوس کرے گی کہ اس کے والد نے ’درشیم‘ کی ہدایت کاری کی تھی۔آخر میں شوالیکا نے ابھیشیک سے کہا کہ انہیں ان کی بیوی ہونے پر بے حد فخر ہے۔واضح رہے کہ ابھیشیک پاٹھک اور شوالیکا اوبرائے نے 2023 میں گوا میں شادی کی تھی۔ دونوں کی ملاقات فلم ’خدا حافظ‘ کی تیاری کے دوران ہوئی تھی، جس کی ہدایت کاری ابھیشیک پاٹھک نے کی تھی۔ اس سال کے اوائل میں دونوں کے ہاں بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی۔







