Wednesday, November 11, 2026 | 30 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • سونیا گاندھی: آپریشن بلیو اسٹار کی ہولناک ویڈیو دیکھ کر اندرا گاندھی کی آنکھوں میں درد و ندامت کے آنسو تھے

سونیا گاندھی: آپریشن بلیو اسٹار کی ہولناک ویڈیو دیکھ کر اندرا گاندھی کی آنکھوں میں درد و ندامت کے آنسو تھے

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 11 Nov 2026

سونیا گاندھی: آپریشن بلیو اسٹار کی ہولناک ویڈیو دیکھ کر اندرا گاندھی کی آنکھوں میں درد و ندامت کے آنسو تھے

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، کانگریس کی سرکردہ رہنما سونیا گاندھی نے اپنی تازہ یادداشتوں پر مبنی کتاب “بیلانگنگ: اے جرنی آف لو” میں انکشاف کیا ہے کہ 1984 کے آپریشن بلیو اسٹار کے بعد کے مناظر پر مشتمل خفیہ فلم دیکھتے ہوئے اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی آنکھیں درد، ندامت اور گہرے دکھ کے آنسوؤں سے تر تھیں۔ سونیا گاندھی کے مطابق یہ ویڈیو ایک خفیہ ادارے کے افسر نے کاروائی کے تقریباً ایک ہفتے بعد پیش کی، جس میں ہولناک مناظر، لاشیں، جن میں جرنیل سنگھ بھنڈراںوالہ بھی شامل تھا، زیرِ زمین جال اور بھاری ہتھیار دکھائے گئے تھے۔

سونیا گاندھی لکھتی ہیں کہ تقریباً 15 برس میں ایک غیر معروف سکھ واعظ جرنیل سنگھ بھنڈراںوالہ پنجاب کی سیاست میں ابھر آیا، اور کانگریس پنجاب کی دو متحارب دھڑوں کے قائدین نے مبینہ طور پر ایک دوسرے کو کمزور کرنے کی خاطر اس کی سرپرستی کی۔ بعد ازاں اس نے ان سیاسی سرپرستوں سے لاتعلقی اختیار کی اور ایسے مطالبات کے گرد حمایت سمیٹنا شروع کی جنہوں نے ہندو اور سکھ برادریوں کے درمیان خلیج گہری کی۔ سونیا گاندھی کے مطابق بھنڈراںوالہ کی قیادت میں ایک پرتشدد علیحدگی پسند تحریک نے ماحول کو غیر معمولی حد تک مسموم کیا، بسوں کے اغوا، مسافروں کو اتار کر بے دریغ قتل، اور بم دھماکے روز کا معمول بن گئے۔ وہ دعویٰ کرتی ہیں کہ پاکستانی خفیہ ایجنسیاں اس ہنگامہ آرائی میں در آئی تھیں تاکہ ہجرت کو بھڑکا کر پنجاب کی علیحدگی کی راہ ہموار کی جا سکے۔

کتاب کے مطابق 1982 میں بھنڈراںوالہ نے امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں ڈیرے ڈالے، متوازی ڈھانچے قائم کیے، احکامات اور فہرستیں جاری کیں اور پستول سے لے کر کلاشنکوف اور مارٹر تک اسلحہ جمع کیا، یوں مقدس احاطہ بتدریج ایک مسلح قلعے میں بدل گیا۔ مخالفین کے منظم قتل کی مہم نے اکالی قیادت کو بے اثر کر دیا اور خفیہ مذاکرات کے باوجود معاملہ بگڑتا چلا گیا۔ جنوری 1984 میں مقدس مزار کے باہر ایک عمارت پر خالصتانی پرچم لہرایا گیا، اور اطلاعات کے مطابق 15 اگست کو حرمندر صاحب پر خالصتان کے اعلان اور پرچم کشائی کا منصوبہ تھا، جسے سونیا گاندھی ریاستِ ہند کے خلاف بغاوت اور عملی جنگ سے تعبیر کرتی ہیں۔

وہ بیان کرتی ہیں کہ اندرا گاندھی کا سکھ برادری سے رشتہ گہرا تھا، مگر بگڑتی صورت حال نے انہیں بے قرار رکھا؛ وہ رات گئے تک اجلاس کرتی رہیں، کھانا بمشکل کھاتیں اور حد درجہ پریشان دکھائی دیتیں۔ بالآخر مجبوری کے احساس کے ساتھ انہوں نے مسلح افواج کو آپریشن بلیو اسٹار کی ہدایت دی۔ کاروائی 1 جون 1984 کو شروع ہوئی اور 4 جون کو فوج گولڈن ٹیمپل کمپلیکس میں داخل ہوئی، جہاں توقع سے کہیں زیادہ بھاری اسلحہ اور مضبوط قلعہ بندی موجود تھی۔ سخت جھڑپ کے بعد احاطے پر قابو پا لیا گیا لیکن مقدس مقام کو شدید نقصان پہنچا، جسے سکھ برادری نے گہری توہین کے مترادف سمجھا۔