Wednesday, November 25, 2026 | 14 جمادى الآخرة 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد، دہلی پولیس کو نوٹس جاری

سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد، دہلی پولیس کو نوٹس جاری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: editor | Last Updated: 25 Nov 2026

سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد، دہلی پولیس کو نوٹس جاری

سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کی مبینہ بڑی سازش سے متعلق مقدمے میں آج عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت عرضیوں پر سماعت کے دوران عبوری یا حتمی ضمانت دینے سے انکار کر دیا اور دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کا موقف طلب کر لیا۔ سماعت چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں ہونے والی بنچ نے کی، جس میں جسٹس جوئے مالیہ باگچی بھی شامل تھے۔ عدالت نے واضح کیا کہ عبوری راحت پر غور سے پہلے استغاثہ کی تفصیلی جواب دہی سننا ضروری ہے اور اسی مقصد کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

عمر خالد کی طرف سے سینئر وکیل کپل سبل پیش ہوئے جنہوں نے درخواست کی کہ کم از کم عبوری ضمانت پر آج ہی سماعت ہو، اس پر چیف جسٹس نے مختصر طور پر کہا کہ آج نہیں۔ وکلا نے استدلال کیا کہ عمر خالد کو جیل میں 6 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں اور طویل حراست کے پیش نظر ریلیف مناسب ہے، تاہم جسٹس جوئے مالیہ باگچی نے کہا کہ آپ نے عبوری ضمانت کی ہی استدعا کی ہے، پہلے دوسرے فریق کو جواب دینے کا موقع ملنا چاہیے۔

شرجیل امام کی طرف سے وکیل سدھارتھ دوے پیش ہوئے اور بنچ کی تشکیل پر اعتراض اٹھایا تو چیف جسٹس نے کہا کہ مختلف قانونی نقطہ ہائے نظر کے تصادم کے پیش نظر گہرائی سے سماعت لازم ہے اور اسی بنا پر 3 رکنی بنچ تشکیل دی جائے گی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ وہ معاملے کے حقائق سے واقف ہے اور تیاری مکمل ہے، تاہم فہرست بندی میں اصل معاملہ ترجیح پائے گا، جب کہ عبوری راحت کی الگ فہرست بندی فی الحال نہیں کی جائے گی۔