Tuesday, September 22, 2026 | 08 ربيع الآخر 1448
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • عادل آباد،اسپتال کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ میں آتشزدگی: 3شیر خوار بچوں کی موت

عادل آباد،اسپتال کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ میں آتشزدگی: 3شیر خوار بچوں کی موت

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 22 Sept 2026

عادل آباد،اسپتال کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ میں آتشزدگی: 3شیر خوار بچوں کی موت
تلنگانہ کے عادل آباد میں واقع راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (RIMS) میں پیر کی رات ایک خوفناک سانحہ پیش آیا۔ اسپتال کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ (SNCU) میں آگ لگنے سے تین  نوزائیدہ بچوں کی موت ہوگئی۔ الرٹ عملے نے وارڈ میں موجود دیگر 28 بچوں کو بحفاظت باہر نکالا، جس سے  بڑا حادثہ ٹل گیا۔
 
 ایئر کنڈیشنرکی وجہ سے لگی آگ
حادثہ پیر کی رات تقریباً 11:50 بجے پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حکام کا خیال ہے کہ آگ ایئر کنڈیشنر (اے سی) میں برقی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ تھوڑی ہی دیر میں پورا وارڈ گھنے دھویں اور شعلوں سے بھر گیا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک حادثے کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں اور تحقیقات کے بعد ہی وضاحت سامنے آئے گی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
 
 پولیس نےدرج کیا معاملہ 
پولیس نے اس ناخوشگوار واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حادثے کی وجہ بننے والے حالات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے۔ تحقیقات اس روشنی میں کی جائیں گی کہ آیا ایس این سی یو میں برقی نظام، اے سی آلات اور فائر سیفٹی کے انتظامات درست ہیں۔ کیا ان اموات کا ذمہ دار عملے کی طرف سے کوئی غفلت ہے؟ اس معاملے پر بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
 
سی ایم ریونت ریڈی نےافسوس کا کیا اظہار 
 
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عادل آباد کے RIMS اسپتال کے خصوصی نوزائیدہ کیئر یونٹ وارڈ میں لگنے والی خوفناک آگ پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک اور تکلیف دہ ہے کہ اے سی میں شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے اور وارڈ میں اچانک آگ لگنے اور گاڑھا دھواں پھیلنے سے زیر علاج دو شیر خوار بچوں کی جان چلی گئی۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ واقعہ میں متاثرہ دیگر تمام بچوں کو بہترین علاج فراہم کریں اور ان کی صحت کی حالت پر مسلسل نظر رکھیں۔ 
وزیراعلیٰ نے تحقیقات کی دی ہدایت 
 
وزیراعلیٰ نے واقعہ کی سنگینی کے بارے میں جاننے کے بعد فوری طور پر اعلیٰ حکام سے تفصیلات  طلب  کی، حادثے میں زخمی ہونے والے باقی بچوں اور گھنے دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے والے بچوں کو اعلیٰ سطح کی ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آگ لگنے کے واقعہ کی جامع تکنیکی تحقیقات کریں اور فوری رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے ریاست بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کرنے اور حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر مضبوط کرنے کے لیے واضح ہدایات جاری کیں تاکہ مستقبل میں ریاست کے کسی بھی سرکاری اسپتال میں آتشزدگی کے اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوں۔سی ایم ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو کلیدی احکامات جاری کئے کہ وہ ریاست بھر کے تمام اسپتالوں میں آگ اور برقی حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکا جاسکے۔ 
 
  حکام نے کیا اسپتال کا دورہ 
حادثے کی اطلاع ملتے ہی عادل آباد کے ڈسٹرکٹ کلکٹر راجارشی شاہ اور ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اکھل مہاجن اسپتال پہنچے۔ RIMS کے ڈائریکٹر جے سنگھ راٹھوڑ بھی موقع پر موجود رہے۔ حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ اسپتال کے عملے سے امدادی کارروائیوں اور آگ لگنے کے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔سابق وزیر جوگو رمنا نے RIMS کا دورہ کیا جہاں حادثہ پیش آیا اور غم کا اظہار کیا فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پالیا۔
 
تلنگانہ کے وزیر صحت نے ہسپتال کا دورہ کیا
 تلنگانہ کے وزیر صحت  دامودر راج نرسمہا نے بی جے پی رکن اسمبلی پائل شنکر کے ساتھ جل چکی ایس این یو سی کا معائنہ کیا ۔اور امدادی کاروائیوں اور زیرِ علاج بچوں کی صحت کے بارے میں عہدیداروں اور ڈاکٹرس سے معلومات حاصل کیں۔وزیر صحت نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں اے سی یونٹ میں برقی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے اور پلاسٹک کے حصے جلنے سے گھنا دھواں پھیلنے کی بات سامنے آئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر صحت نے جاں بحق بچوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیر صحت نے کہا کہ حادثے کی اصل وجہ، سیفٹی اسٹینڈرڈس پر عمل آوری اور کسی بھی ممکنہ لاپرواہی کا پتہ لگانے کے لیے ماہرین کی کمیٹی کے ذریعے جامع تحقیقات کی جائیں گی۔ کسی کی لاپرواہی یا ذمہ داری سے فرار ثابت ہونے پر قواعد کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔
 
ورنگل ایم جی ایم ہسپتال کی خستہ حالی عیاں 
ورنگل کے ایم جی ایم ہسپتال میں ایک اور واقعہ پیش آنے سے ہلچل مچ گئی۔ہسپتال کے فزیوتھراپی ڈپارٹمنٹ میں چھت کا پلاسٹر گر گیا۔ جبکہ آر آئی سی یو میں بھی چھت کے پلاسٹر کے ٹکڑے گرنے کی اطلاع ہے۔حادثے کے وقت وہاں کوئی موجود نہ ہونے کی وجہ سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔واقعے کے بعد ایم جی ایم ہسپتال کے عہدیدار چوکس ہوگئے ۔اور ہسپتال کے تینوں گیٹس پر بھاری پولیس بندوبست کیا گیا۔میڈیا کو ہسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔پولیس کے اس اقدام پر مریضوں اور ان کے رشتہ داروں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ایم جی ایم ہسپتال میں چھت کے پلاسٹر گرنے کے واقعات پر مریضوں اور ان کے رشتہ داروں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
 
 جج سے عدالتی  جانچ  کرنے کا مطالبہ 
 بی آر ایس نے عادل آباد کے RIMS اسپتال کے نوزائیدہ وارڈ میں مبینہ AC سلنڈر دھماکے کے بعد تین شیر خوار بچوں کی موت کی موجودہ جج سے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس نے ہلاکتوں کو ریاستی قتل قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان حالات کی آزادانہ طور پر تحقیقات ہونی چاہئیں جن سے اموات ہوئیں۔بی آر ایس نے دیگر شیر خوار بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا بھی مطالبہ کیا اور متاثرہ افراد کو RIMS جیسے سپر اسپیشلٹی اسپتال سے مقامی نجی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے فیصلے پر سوال اٹھایا، جس سے سرکاری صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر تشویش پائی جاتی ہے۔
 
ہسپتالوں میں طبی آلات کی تیاری اور دیکھ بھال پر سوال
ایک بیان میں پارٹی کے جنرل سکریٹری آر ایس پروین کمار نے سرکاری ہسپتالوں میں طبی آلات کی تیاری اور دیکھ بھال پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے پوچھا کہ آلات کس نے خریدے اور دیکھ بھال کی اور کیا اس مقصد کے لیے مناسب فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہسپتالوں کی مناسب نگرانی کرنے میں ناکام رہی اور حالیہ واقعات کا حوالہ دیا جن میں TIMS صنعت  نگر میں چوری اور ورنگل کے MGM ہسپتال میں چھت گرنے کا واقعہ شامل ہے۔