Wednesday, October 28, 2026 | 16 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • بچوں میں پیشاب کی نالی کا انفیکشن نظر انداز نہ کریں بروقت علاج ضروری

بچوں میں پیشاب کی نالی کا انفیکشن نظر انداز نہ کریں بروقت علاج ضروری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 28 Oct 2026

بچوں میں پیشاب کی نالی کا انفیکشن نظر انداز نہ کریں بروقت علاج ضروری
بچوں کی صحت کے معاملے میں والدین اکثر بخار کھانسی اور نزلہ زکام پر توجہ دیتے ہیں لیکن بعض اوقات بخار کی وجہ پیشاب کی نالی کا انفیکشن بھی ہو سکتا ہے خاص طور پر چھوٹے بچوں میں اس بیماری کی علامات واضح نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے والدین کے لیے اسے پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے۔بروقت تشخیص اور مناسب علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ انفیکشن گردوں تک پہنچ سکتا ہے اس لیے بچوں میں مسلسل بخار یا پیشاب سے متعلق غیر معمولی علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
 
اسی اہم موضوع پر منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ہیلتھ اور ہم میں بچوں میں پیشاب کی نالی کے انفیکشن کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی اس موقع پر ڈاکٹر اے منیشا کنسلٹنٹ پیڈیاٹرکس اینڈ نیونیٹولوجی کامینی ہاسپٹلس کنگ کوٹھی روڈ بوگل کنٹہ حیدرآباد نے اس بیماری کی علامات تشخیص اور علاج کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
 
بچوں میں پیشاب کی نالی کا انفیکشن کیا ہے
پیشاب کی نالی کا انفیکشن اس وقت ہوتا ہے جب بیکٹیریا پیشاب کے نظام میں داخل ہو کر انفیکشن پیدا کرتے ہیں یہ انفیکشن مثانے یا گردوں کو متاثر کر سکتا ہے۔چھوٹے بچوں میں اس کی عام علامات میں بخار دودھ یا غذا کم لینا الٹی چڑچڑاپن اور غیر معمولی سستی شامل ہو سکتی ہیں جبکہ بڑے بچوں کو پیشاب کرتے وقت جلن درد بار بار پیشاب آنے یا پیٹ کے نچلے حصے میں درد کی شکایت ہو سکتی ہے۔بعض بچوں کے پیشاب میں بدبو یا رنگ کی تبدیلی بھی محسوس ہو سکتی ہے تاہم صرف ان علامات کی بنیاد پر انفیکشن کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
 
بروقت تشخیص کیوں ضروری ہے
بچوں میں پیشاب کی نالی کے انفیکشن کی تشخیص کے لیے ڈاکٹر پیشاب کا ٹیسٹ اور ضرورت کے مطابق کلچر ٹیسٹ تجویز کر سکتے ہیں اس سے انفیکشن کی موجودگی اور اس کے لیے مؤثر دوا کے انتخاب میں مدد ملتی ہے۔ بہت چھوٹے بچوں میں بخار کی صورت میں فوری طبی معائنہ خاص طور پر ضروری ہے اگر بچہ تین ماہ سے کم عمر ہو اور اس کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ ہو تو فوراً طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔
 
علاج اور احتیاطی تدابیر
بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کا علاج عموماً ڈاکٹر کی تجویز کردہ اینٹی بایوٹک ادویات سے کیا جاتا ہے والدین کو چاہیے کہ بچے کو تجویز کردہ دوا مکمل مدت تک دیں اور اپنی مرضی سے علاج بند نہ کریں۔ بچوں کو مناسب مقدار میں پانی پلانا عمر کے مطابق بیت الخلا کی عادت اپنانے میں مدد دینا پیشاب زیادہ دیر تک روکنے سے بچانا اور قبض کا علاج کروانا مفید ہو سکتا ہے۔اگر بچے کو تیز بخار بار بار الٹی شدید سستی پانی کی کمی یا کمر میں درد ہو تو فوری طبی معائنہ کروانا ضروری ہے۔ماہرین کے مطابق بچوں میں پیشاب کی نالی کے انفیکشن کی بروقت شناخت اور مناسب علاج پیچیدگیوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس لیے علامات ظاہر ہونے پر خود سے دوا دینے کے بجائے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
 
منصف ٹی وی کے پروگرام ہیلتھ اور ہم کا مقصد صحت سے متعلق اہم مسائل پر عوام میں شعور بیدار کرنا اور والدین کو بچوں کی صحت کے بارے میں درست معلومات فراہم کرنا ہے۔
قارئین آپ ڈاکٹراے منیشا کنسلٹنٹ پیڈیاٹرکس اینڈ نیونیٹولوجی کامینی ہاسپٹلس، کی مکمل بات چیت یہاں👇دیکھ سکتےہیں۔
 
 

 اور ساتھ ہی منصف ٹی وی ہیلتھ پر صحت سے متعلق کسی بھی موضوع پرماہر ڈاکٹرز کے ویڈیوز بھی دیکھ سکتے ہیں۔  یہ ویڈیوز آپ کے خاندان اور دوست احباب کو صحت مند رکھنے میں مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔