اتر پردیش کے ضلع سیتاپور کے محمودآباد میں ایک غیر معمولی خاندانی تنازعہ نے مقامی باشندے اور انتظامیہ کو حیران کردیا ہے، جہاں پھلواری پور کے ایک نوجوان کی بیوی، جو 2 بچوں کی ماں ہے، اپنے شوہر اور عاشق دونوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنے پر مصر ہے۔
خاتون کے مطابق اس کی ایک دوسرے شخص سے قربت محبت میں بدلی اور اس نے 21 مارچ کو ایک مندر میں اس سے شادی کرلی۔ اس انکشاف کے بعد خاتون کے میکے والوں نے اس سے رشتہ ختم کردیا، مگر وہ نہ شوہر کو چھوڑنے پر آمادہ ہے اور نہ عاشق سے علیحدگی پر تیار۔
خاتون نے دونوں کے درمیان ذمہ داریاں بانٹتے ہوئے ایک تحریری ڈیوٹی چارٹ تیار کیا اور جمعہ کے روز اپنے دونوں بچوں، شوہر اور عاشق کے ہمراہ محمودآباد تھانے پہنچ کر پولیس سے اس پر عمل درآمد کی گزارش کردی۔ اس چارٹ کے مطابق دن کے وقت عاشق بچوں اور خاتون کے ساتھ رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں خاتون کا ساتھ شوہر دے گا۔
حیرت انگیز طور پر خاتون کے شوہر نے بھی اس کاروائی پر اعتراض نہیں کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق عاشق پہلے بھی اس گھر میں آتا جاتا رہا اور متعدد بار قیام بھی کرچکا ہے، شوہر اسے اپنا بھائی سمجھتا تھا اور اب اس نے بیوی اور اس کے عاشق کے ساتھ رہنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، یہاں تک کہ اس کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنا گھر چھوڑ کر بھی ان دونوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔
تاہم سسرال کے دیگر افراد اس تعلق کی سخت مخالفت کر رہے ہیں، جس کے باعث گھر میں تناؤ بڑھ گیا۔ معاملہ پولیس تک پہنچنے پر اہلکاروں نے تینوں فریقوں سے دیر رات تک بات چیت کی اور افہام و تفہیم سے مسئلہ سلجھانے کی کوشش کی، مگر خاتون اپنے فیصلے پر ڈٹی رہی کہ وہ شوہر اور عاشق دونوں کے ساتھ ہی رہے گی۔ اس واقعے نے علاقے میں بحث چھڑ دی ہے، جبکہ پولیس سماجی حساسیت اور قانونی تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے حل کی کوششوں میں مصروف ہے اور مزید مشاورت کی تیاری کر رہی ہے۔







