Wednesday, December 4, 2024 | 1446 جمادى الثانية 03
Crime

مہاراشٹرا کےگونڈیا میں خوفناک سڑک حادثے میں ، 9 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

مہاراشٹر کے گونڈیا میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ اس المناک حادثے میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے سی ایم ایکناتھ شندے نے حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔
 یہ واقعہ موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے بس بے قابو ہو گئی اور حادثے کا شکار ہو گئی۔
اس دردناک حادثے میں کئی لوگ بس کے نیچے دب گئے، جس کی وجہ سے کئی لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔
 حادثے کے وقت بس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے، جن میں سے 9 کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ بس ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ راہگیروں نے اس حادثے کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔فی الحال پولیس اس حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔