Saturday, July 19, 2025 | 24, 1447 محرم
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • ریاست تلنگانہ میں اگلے چار دنوں میں موسلادھار بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات

ریاست تلنگانہ میں اگلے چار دنوں میں موسلادھار بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 18, 2025 IST     

image
 حیدرآباد میں جمعہ کے روز ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ پیراڈائز کے قریب پتنی کالونی اور پائیگاہ کالونی کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ بارش کی وجہ سے سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے سے ضروری اشیاء جیسے چاول اور دالیں بھیگ گئیں۔
 
پٹنی کالونی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کی اطلاع ملنے پر ہائیڈرا کمشنر رنگناتھ فوراً اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو تعینات کیا گیا اور وہاں موجود لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ رنگناتھ امدادی کارروائیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
 

شہرحیدرآباد میں جمعہ کی سہ پہرسے شدید بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سےجاری ہے۔ بھاری بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ جمعہ کو دوپہر ایک بجے کے بعد آسمان پر کالے بادل چھا گئے ،اور تیز بارش کے باعث صرف آدھے گھنٹے میں شہر کی سڑکوں پر پانی بھر گیا۔  چار بجے گھنے بادلوں کے باعث اتنی تاریکی چھا گئی کہ ایسا لگ رہا تھا کہ رات ہونے کو ہے۔ پرانے شہر کےعلاقوں جیسے سنتوش نگر، کنچن باغ، چارمینار، بہادرپورہ، چندرائن گٹہ، فلک نما، یاقوت پورہ، دارالشفا، اور علی آباد، بنجاراہلز، ٹولی چوکی، شیخ پیٹ  گچی باولی اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دنوں تک تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

 

مزید چاردن تک موسلادھار بارش 

 حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مزید چار دن تک شدید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات  نے لوگوں اور کسانوں کو  چوکس  رہنے اور ضرورت پڑنے پر ہی گھروں سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ دریں اثناء جنوبی تلنگانہ کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تمام اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان  ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عادل آباد، جگتیال، جنگاوں، گدوال، کاماریڈی، کریم نگر، آصف آباد، محبوب نگر، منچیریال، میدک، ناگرکرنول، نلگنڈہ، نارائنا پیٹ، نرمل، نظام آباد، پداپلی، سدی پیٹ سرسلہ ، سوریہ پیٹ  اور دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔