کولمبو: اپنی جارحانہ بلے بازی سے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچانے والے 15 سالہ بھارتی نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ سری لنکا میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز کے فائنل میں انہوں نے اپنی طوفانی اننگز سے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
انڈیا اے کی نمائندگی کرتے ہوئے ویبھو سوریاونشی نے صرف 11 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 21 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا کے کوشلیا ویراتنے کے نام تھا، جنہوں نے 2005 میں 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔
ویبھو نے اپنی برق رفتار اننگز میں 29 گیندوں پر 94 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 8 فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ ان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت انڈیا اے نے فائنل مقابلے میں 377 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
نوجوان بلے باز نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور پہلی ہی چند گیندوں پر مسلسل چوکے اور چھکے لگا کر سری لنکا کے بولرز پر دباؤ بنا دیا۔ وہ صرف 6 رنز کی کمی سے لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری کے ریکارڈ کی برابری سے محروم رہ گئے اور ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔
واضح رہے کہ ویبھو سوریاونشی اس سے قبل آئی پی ایل 2026 میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے خبروں میں رہے تھے۔ ان کی مسلسل بہترین فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے بھارتی ٹی-20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جہاں وہ آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی-20 میچ میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ 15 سالہ سوریاونشی کی یہ اننگز مستقبل میں بھارتی کرکٹ کے ایک نئے ستارے کے طور پر ان کی مضبوط دستک تصور کی جا رہی ہے۔