مہاراشٹر کے پربھنی میں زیر تعمیر مندر کی چھت گر گئی، بڑا حادثہ
اس واقعہ میں تقریباً چار عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور کئی زخمی
کیرتن کے دوران منڈپم گرنے کے بعد ملبے تلے پھنسےعقیدت مند
ریسکیو آپریشن۔ مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے معاوضہ
وزیراعظم مودی اور سی ایم فڑنویس نے گہرے صدمے کا کیا اظہار
مہاراشٹر میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع پربھنی کے مشہور یشوادی مندر میں زیر تعمیر سبھا منڈپ کی چھت گرنے سے چارعقیدت مندوں کی موت ہو گئی۔ کئی دیگر شدید زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی سہ پہر 3:30 بجے مندرمیں کیرتھن کا پروگرام ہو رہا تھا۔ پروگرام میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسی دوران سبھا منڈپ جو راجستھانی گلابی پتھروں اور کنکریٹ کے سلیب سے بنایا جا رہا ہے، اچانک منہدم ہو گیا۔ جس کی وجہ سے عقیدت مند ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں۔ ملبہ کو کرینوں اور دیگر بھاری مشینری کی مدد سے ہٹایا گیا ۔ زخمیوں کو ایمبولینسوں میں قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گروپس میں جائے حادثہ پر نہ آئیں۔
ایم ایل اے راجیش وٹیکر نے بتایا کہ گرنے کے بعد 27 لوگ ملبے تلے دب گئے۔ جب کہ چار افراد ہلاک ہوئے، تین کا ڈسٹرکٹ جنرل اسپتال میں علاج چل رہا ہے، اور باقی بیس کا علاج آر پی میڈیکل کالج میں کیا جا رہا ہے۔ وٹیکر نے تصدیق کی کہ چھت کے نیچے پھنسے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
ویٹیکر نے کہا، " کاریگر دوسری ریاستوں سے تھے، اور کام کے لیے استعمال ہونے والا پتھر راجستھان سے منگوایا گیا تھا۔ کام مکمل ہونے کے قریب تھا، لیکن واقعے کے صحیح حالات ابھی تک واضح نہیں ہیں،"۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے ابھی ٹرسٹ کے کچھ عہدیداروں سے بات کی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کھڑا ہونے والے ستون کو محفوظ بنانے میں تاخیر یا کوتاہی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے سبھا منڈپ اچانک گر گیا،‘‘ ۔
اس حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ریاستی حکومت نے ہلاک شدگان کے خاندانوں کو فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس بات کے امکان ہے کہ اس پہلو سے بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ آیا یہ حادثہ تعمیراتی کام میں معیار کی کمی یا ناقص تعمیرات کی وجہ سے پیش آیا۔
ضلع پربھنی کا یہ مشہور مندر ہے جہاں ہر ہفتہ کو 25 ہزا سے 50 ہزارعقیدت مند آتے ہیں۔