منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں اس مرتبہ ایک اہم طبی موضوع "Why Does My Shoulder Hurt?" (میرے کندھے میں درد کیوں ہوتا ہے؟) پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں ڈاکٹر پرشانت میشرام، کنسلٹنٹ آرتھوپیڈک شولڈر سرجن، اپولو اسپتال، جوبلی ہلز حیدرآباد نے کندھے کے درد کی وجوہات، احتیاطی تدابیر اور جدید علاج کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔
کندھے میں درد کی وجوہات
ڈاکٹر پرشانت میشرام نے بتایا کہ کندھا انسانی جسم کا ایک انتہائی متحرک جوڑ ہے، جو ہاتھوں کو مختلف سمتوں میں حرکت دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کندھے میں درد کسی بھی عمر کے فرد کو متاثر کر سکتا ہے اور اس کی وجوہات معمولی چوٹ سے لے کر پیچیدہ طبی مسائل تک ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کندھے کے درد کی عام وجوہات میں پٹھوں یا ٹینڈن کی چوٹ، روٹیٹر کف (Rotator Cuff) کے مسائل، جوڑوں کی سوزش، فریزڈ شولڈر، ہڈیوں کے گھساؤ اور غلط انداز میں بیٹھنے یا کام کرنے کی عادت شامل ہیں۔
کندھے کےدرد کو نظر انداز نہ کریں
ماہر ڈاکٹر کے مطابق کئی افراد کندھے کے درد کو نظر انداز کر دیتے ہیں، لیکن اگر درد مسلسل رہے، ہاتھ اٹھانے میں مشکل ہو، رات کے وقت درد بڑھ جائے یا روزمرہ کے کام متاثر ہونے لگیں تو فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
تشخیص اورعلاج
پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ کندھے کے مسائل کی تشخیص کے لیے مریض کی ہسٹری، جسمانی معائنہ اور ضرورت پڑنے پر ایکس رے، ایم آر آئی یا دیگر ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ علاج کا طریقہ مسئلے کی نوعیت پر منحصر ہوتا ہے۔ کئی مریضوں کو فزیوتھراپی، ورزش، ادویات اور احتیاط سے آرام مل جاتا ہے، جبکہ بعض پیچیدہ معاملات میں جدید سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
کندھے صحت مند رکھنے کیلئے کیا کرنا چاہئے
ڈاکٹر پرشانت میشرام نے کندھے کو صحت مند رکھنے کے لیے باقاعدہ ورزش، درست پوسچر، بھاری وزن اٹھانے میں احتیاط اور جسمانی سرگرمی کو معمول بنانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ کندھے کے درد کو صرف عمر کا حصہ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے زیادہ تر مریض بہتر زندگی گزار سکتے ہیں۔
منصف ٹی وی کے پروگرام "ہیلتھ اور ہم" عوام میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ماہرین کی مدد سے اہم طبی موضوعات پرمعلومات فراہم کر رہا ہے۔ قارئین آپ اس ویڈیو کو یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اسکےعلاوہ منصف ٹی وی ہیلتھ پر صحت سے متعلق دیگر کئی ویڈیوزکو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔