پٹنہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آکاش دیپ اور مکیش کمار کو بہار حکومت کی جانب سے اسپورٹس کوٹے کے تحت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے پر تقرری دی گئی ہے۔ دونوں کرکٹرز کی اس کامیابی پر جہاں مداحوں نے انہیں مبارکباد پیش کی، وہیں سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اس فیصلے پر سوالات بھی اٹھائے۔
آکاش دیپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اس خبر کی جانکاری دی اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمرت چودھری اور وزیر کھیل شریاسی سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہیں اور ان کے ساتھی کرکٹر مکیش کمار کو بہار حکومت کی جانب سے ڈی ایس پی کے عہدے کے لیے منتخب کیے جانے پر بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔
تاہم اس تقرری کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ پہلے سے اچھی آمدنی رکھنے والے کرکٹرز کو سرکاری نوکری دینے کے بجائے بے روزگار نوجوانوں کو مواقع ملنے چاہئیں۔ کچھ افراد نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ دونوں کھلاڑی اس وقت ہندوستانی ٹیم کا مستقل حصہ نہیں ہیں۔
مکیش کمار کے کرکٹ کیریئر پر نظر ڈالیں تو وہ بھارت کے لیے تین ٹیسٹ، چھ ون ڈے اور 17 ٹی-20 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ جولائی 2024 میں کھیلا تھا۔
وہیں آکاش دیپ نے بھارت کے لیے 10 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے 18 اننگز میں مجموعی طور پر 28 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ اگست 2025 میں تھا۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا دو حصوں میں تقسیم نظر آیا، جہاں ایک طبقے نے اسے کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف قرار دیا، جبکہ دوسرے طبقے نے اسپورٹس کوٹے کے تحت ایسی تقرریوں پر بحث کی ضرورت پر زور دیا۔