مرکزی وزیر برائے کامرس و صنعت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت کی کھلونا صنعت، جو کبھی درآمدات پر انحصار کرتی تھی، اب نہ صرف مقامی طور پر کھلونے تیار کر رہی ہے بلکہ 153 ممالک کو برآمد بھی کر رہی ہے۔ وہ جمعہ 4 جولائی کو دہلی میں منعقدہ 16 ویں ٹوائے بز انٹرنیشنل بی 2 بی ایکسپو 2025 سے خطاب کر رہے تھے۔
پیوش گوئل نے کہا کہ اس نمایاں تبدیلی کا سہرا حکومت کی مؤثر پالیسیوں، معیار کے اصولوں کے نفاذ اور ملک میں مقامی مینوفیکچرنگ کلسٹروں کے قیام کو جاتا ہے۔ کوالٹی کنٹرول آرڈر (کیو سی او) کے نفاذ نے نہ صرف ملکی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنایا بلکہ کھلونا صنعت کو عالمی معیار کے مطابق کھلونے تیار کرنے کے قابل بھی بنایا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ 1.4 ارب آبادی پر مشتمل بھارت ایک وسیع اور قدرتی منڈی فراہم کرتا ہے، جو ملکی مینوفیکچرنگ کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں مددگار ہے۔ انہوں نے صنعت سے کہا کہ وہ اچھی برانڈنگ، دلکش پیکیجنگ اور مضبوط ڈیزائننگ پر خصوصی توجہ دے، تاکہ بھارت کے کھلونے بین الاقوامی منڈیوں میں زیادہ پسند کیے جا سکیں۔
پیوش گوئل نے کہا کہ بھارتی کھلونا صنعت کی ترقی آتم نربھر بھارت کے وژن کی ایک زندہ مثال ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب وزیر اعظم نریندر مودی نے "ووکَل فار لوکل" مہم شروع کی تھی، تو ابتدا میں کئی لوگ شکوک کا شکار تھے، لیکن اب مقامی صنعتیں نہ صرف خود کفیل ہو رہی ہیں بلکہ عالمی منڈیوں میں بھی اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔
مرکزی وزیر برائے کامرس و صنعت نے بتایا کہ پردھان منتری مدرا یوجنا کے تحت کھلونا صنعت کے اختراعی اسٹارٹ اپس کو بھرپور تعاون دیا جا رہا ہے، جس کی مدت اب 20 سال تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس اسکیم نے چھوٹے کاروباروں کو بغیر ضمانت قرض فراہم کرنے میں مدد کی ہے۔مزید برآں، ملک بھر میں 18 کھلونا مینوفیکچرنگ کلسٹرز کو ایم ایس ایم ای کی وزارت نے تعاون فراہم کیا ہے، تاکہ مقامی پیداوار کو بڑھایا جا سکے۔
پیوش گوئل نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومت کھلونا صنعت کے لیے ایک نئی پروموشنل اسکیم لانے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے۔ اس کا مقصد ڈیزائن کی صلاحیتیں بڑھانا، معیاری پیداوار کو فروغ دینا، پیکیجنگ کو بہتر بنانا اور بھارتی کھلونوں کو ایک مضبوط برانڈ کے طور پر دنیا بھر میں متعارف کرانا ہے۔
آخر میں، انہوں نے کہا کہ جدت، معیار اور عالمی منڈی میں وسعت پر توجہ کے ساتھ بھارت کی کھلونا صنعت آئندہ برسوں میں دنیا کی نمایاں کھلونا صنعتوں میں شامل ہو گی۔