بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم نے سیمانچل کے علاقے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے5 سیٹوں پر شانداراور بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی۔ مجلس کو چھٹویں سیٹ پر صرف 389 ووٹ کے فرق سے ناکامی ملی۔ بہار اسمبلی میں مجلس چھٹوی بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ وہیں جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں بھی مجلس کے تائیدی امیداور نوین یادو نے کامیابی حاصل کی۔
جسے بیان کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے فلور لیڈر اور چندرائن گٹہ کے ایم ایل اے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے اسے دوسری سیاسی جماعتوں کے ایجنٹ یا بی ٹیم کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ساتھ ہی اکبر الدین نے کہا کہ تلنگانہ میں جو بھی حکومت اقتدار میں آتی ہے وہ ہمیشہ اے آئی ایم آئی ایم سے دوستی کی کوشش کرتی ہے۔تلنگانہ میں چاہے کوئی بھی حکومت آئے، وہ ہمیشہ اے آئی ایم آئی ایم سے دوستی کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
15 نومبر کو اولڈ سٹی کے حافظ بابا نگر میں سالار ملت ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ذریعہ تعمیر کردہ ڈاکٹر نورالدین اویسی ایجوکیشنل کمپلیکس کا افتتاح کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ پیشین گوئی کی تھی کہ ریونت ریڈی کے چیف منسٹر بننے کے بعد مجلس اپنی اہمیت کھو دے گی وہ اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کو مبارکباد دیتے ہوئے اکبر الدین نے کہاکہ پارٹی نے نہ صرف بہار اسمبلی انتخابات میں پانچ سیٹیں حاصل کیں بلکہ جوبلی ہلز کے فاتح امیدوار نوین یادو کی حمایت بھی کی۔
اکبرالدین اویسی نے سیاست سے سبکدوش ہوجانے کا دیا اشارہ:
سیاست میں شائع رپورٹ کے مطابق اسی دوران اپنے سیاسی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے اکبرالدین اویسی نے کہاکہ میں نے چھ بار ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی، لوگوں سے بے پناہ محبت اور احترام حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ اب صرف ایک خواہش باقی ہے میں آرام کرنا چاہتا ہوں، میں تھک گیا ہوں اور باقی کی زندگی اپنے ارکان خاندان کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی مضبوط لیڈر میری جگہ لینے کیلئے ابھرتا ہے تو میں خوشی سے یہ ذمہ داری اسے سونپنے کیلئے تیار ہوں۔