مہاراشٹر کے امراوتی میں واقع ضلع خواتین اسپتال میں پیر کی علی الصبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں (NICU) میں اچانک آگ لگنے سے تین نومولود بچوں کی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، آگ صبح تقریباً 3:30 بجے اسپتال کی تیسری منزل پر واقع NICU میں لگی۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ وینٹی لیٹر میں اچانک دھماکے کے بعد بھڑکی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے وارڈ کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے وقت NICU میں مجموعی طور پر 39 نومولود بچوں کا علاج جاری تھا۔ آگ لگتے ہی اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور ڈیوٹی پر موجود دیگر عملے نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔اسپتال کے عملے نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر کئی بچوں کو وارڈ سے باہر نکالا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں متعدد نومولود بچوں کی جان بچائی جا سکی۔ تاہم، آگ میں جھلسنے کے باعث تین نومولود بچوں کی جان نہیں بچائی جا سکی۔
ریسکیو کے بعد کئی بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق چھ نومولود بچوں کو مزید علاج کے لیے سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ اور وینٹی لیٹر میں خرابی کے حوالے سے تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس افسوسناک واقعے کی خبر پھیلتے ہی نومولود بچوں کے والدین اور اہل خانہ میں شدید تشویش پیدا ہوگئی۔ ایک ہی وارڈ میں موجود کئی بچوں کی زندگی خطرے میں آنے کے واقعے نے اسپتال کی فائر سیفٹی، طبی آلات کی دیکھ بھال اور ہنگامی انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
تین معصوم نومولودوں کی موت نے اہل خانہ کو غمزدہ کر دیا ہے، جبکہ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آگ کی اصل وجہ کیا تھی اور کیا اسپتال میں حفاظتی انتظامات مناسب تھے؟