Thursday, January 22, 2026 | 03, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • آندھرا پردیش: نندیال میں نجی بس اور ٹرک کی آمنے سامنے ٹکر، 3 افراد جل کر ہلاک

آندھرا پردیش: نندیال میں نجی بس اور ٹرک کی آمنے سامنے ٹکر، 3 افراد جل کر ہلاک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 22, 2026 IST

آندھرا پردیش: نندیال میں نجی بس اور ٹرک کی آمنے سامنے ٹکر، 3 افراد جل کر ہلاک
آندھرا پردیش کے نندیال ضلع میں جمعرات کی صبح ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک نجی بس اور کنٹینر ٹرک کی آمنے سامنے شدید ٹکر ہوئی، جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ سری ویلا میٹا کے قریب نیشنل ہائی وے پر پیش آیا۔ اس حادثے میں 3 افراد جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔حادثے کے وقت بس میں 36 مسافر سوار تھے۔ضلع ایس پی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کے بارے میں دریافت کیا۔
 
کیا بس کا ٹائر پھٹنے سے حادثہ ہوا؟
 
پولیس کے مطابق، ARBCVR ٹریولز کی بس میں 36 مسافر سوار تھے جو نیلور سے حیدرآباد جا رہی تھی۔ کرنول-چتور نیشنل ہائی وے پر سری ویلا میٹا کے قریب بس کا اچانک ایک ٹائر پھٹ گیا۔ تیز رفتار بس بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر پار کر کے مخالف سمت میں چلی گئی، جہاں سامنے سے آ رہے کنٹینر ٹرک سے اس کی شدید ٹکر ہو گئی۔ ٹکر کے فوراً بعد بس میں آگ لگ گئی، جس کی لپیٹ میں آ کر بس ڈرائیور، ٹرک ڈرائیور اور ٹرک کا کلینر جل کر ہلاک ہو گئے۔
 
ایک ڈی سی ایم ڈرائیور نے بچائی مسافروں کی جانیں:
 
تلگو میڈیا کے مطابق، حادثے کے وقت مقام سے گزر رہے ایک ڈی سی ایم (چھوٹے ٹرک) کے ڈرائیور نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور بس کی کھڑکیاں توڑ کر متعدد مسافروں کو باہر نکالا گیا، تاہم ان میں سے 14 افراد جھلس گئے جنہیں ایمبولینس کے ذریعے نندیال کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ہلاکتوں والے افراد آگ میں شدید طور پر جل گئے ہیں اور ان کی شناخت مشکل ہو رہی ہے۔
 
آندھرا پردیش میں پہلے بھی ایسے حادثات ہو چکے ہیں:
 
پچھلے سال بھی آندھرا پردیش میں شدید سڑک حادثات کے بعد مسافر بسوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے تھے، جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔ اکتوبر میں کرنول میں ایک بائیک سے ٹکراؤ کے بعد سلیپر بس میں آگ لگ گئی تھی جس میں 20 مسافر جل کر ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے بعد دسمبر میں اللوری سیتارام راجو ضلع میں تیرتھ یاتریوں سے بھری بس الٹ گئی تھی جس میں 14 یاتری ہلاک ہوئے تھے۔