• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • آندھرا پردیش : امراوتی کو ملا مستقل دارالحکومت کا درجہ ،سی ایم نائیڈو نے کیااعلان

آندھرا پردیش : امراوتی کو ملا مستقل دارالحکومت کا درجہ ،سی ایم نائیڈو نے کیااعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 07, 2026 IST

آندھرا پردیش : امراوتی  کو ملا مستقل دارالحکومت کا درجہ ،سی ایم نائیڈو نے کیااعلان
آندھرا پردیش کے امراوتی کوصدر دروپدی مرمو کی منظوری کے بعد دارالحکومت کا درجہ مل گیا  ہے۔اس سلسلے میں حکومت ہند نے پیر کو ایک گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا۔آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ  چندرابابو نائیڈو اور نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان نے بھی اپنے سرکاری ایکس ہینڈلز پر یہ معلومات شیئر کی ہیں۔
 
وزیراعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے اس نوٹیفکیشن کو' ایکس 'پر شیئر کرتے ہوئے لکھا:آندھرا پردیش کے لوگوں کی طرف سے، میں صدر دروپدی مرمو جی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے آندھرا پردیش کی تنظیم نو (ترمیمی) ایکٹ، 2026 کو منظوری دے دی۔اس کے ساتھ، دارالحکومت کا ہمارا دیرینہ خواب پورا ہو گیا ہے۔ میں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہماری ریاست سے اپنا وعدہ پورا کیا اور رہنمائی فراہم کی۔
 
خیال رہے کہ پچھلے دنوں پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران آندھرا پردیش ری آرگنائزیشن ایکٹ (ترمیم) بل 2026 کو دونوں ایوانوں میں اکثریت سے منظور کر لیا گیا تھا۔
 
 ریڈی کی حکومت میں تین دارالحکومتوں کا ماڈل نافذ تھا:
 
سال 2014 میں آندھرا پردیش سے تلنگانہ ریاست الگ ہوئی۔ تب حیدرآباد تلنگانہ کی دارالحکومت بن گیا، لیکن آندھرا پردیش کے پاس مستقل دارالحکومت نہ ہونے کی وجہ سے 10 سال تک حیدرآباد دونوں ریاستوں کی مشترکہ دارالحکومت رہا۔  
 
نائیڈو امراوتی کو دارالحکومت بنانے کی تیاری کر رہے تھے، لیکن سال 2019 میں جگن موہن ریڈی کی حکومت آنے کے بعد انہوں نے تین دارالحکومتوں کا ماڈل دیا، جس میں:وشاخاپٹنم کو انتظامی دارالحکومت، امراوتی کو قانون ساز دارالحکومت اور کرنول کو عدالتی دارالحکومت بنایا گیا تھا۔
 
 امراؤتی گرین فیلڈ دارالحکومت ہے:
 
سال 2024 میں نائیڈو کی حکومت آنے کے بعد انہوں نے تین دارالحکومتوں کے ماڈل کو منسوخ کر دیا اور امراوتی کو واحد مستقل دارالحکومت بنانے پر زور دیا، جس میں کامیابی حاصل ہو گئی ہے۔ امراوتی ایک منصوبہ بند گرین فیلڈ دارالحکومت پراجیکٹ ہے۔ اس کے لیے کسانوں نے رضاکارانہ طور پر 34,000 ایکڑ سے زائد زمین دی ہے اور تقریباً 54,000 ایکڑ زمین پراجیکٹ کے لیے حاصل کی گئی ہے۔  
 
امراؤتی جدید 'بلو-گرین سٹی' بنے گا۔ فی الحال تقریباً 56,000 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں اور عمارتوں سمیت 91 پراجیکٹس جاری ہیں۔یہ خبر آندھرا پردیش کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے صوبے میں مستقل دارالحکومت کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔