Thursday, January 22, 2026 | 03, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • ڈوڈہ میں فوجی گاڑی کھائی میں گری۔ 10 فوجی اہلکار ہلاک دیگر زخمی

ڈوڈہ میں فوجی گاڑی کھائی میں گری۔ 10 فوجی اہلکار ہلاک دیگر زخمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jan 22, 2026 IST

ڈوڈہ میں فوجی گاڑی  کھائی میں گری۔ 10 فوجی اہلکار ہلاک  دیگر زخمی
جموں وکشمیر کے ڈوڈہ میں جمعرات کو فوج کی گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں گر گئی۔ اس حادثہ میں دس فوجی اہلکار ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ بلٹ پروف آرمی گاڑی، ایک کیسپر، آپریشن کے لیے جا رہی تھی جب وہ کھنی ٹاپ پر بھدرواہ-چمبا بین ریاستی سڑک سے ہٹ کر کھائی میں جا گری۔
 
فوج کی بلٹ پروف گاڑی میں 20 افراد سفر کر رہے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ گاڑی تقریباً 200 فٹ گہری  کھائی  میں گر گئی۔  پولیس نے فوج کے ساتھ مل کر فوری طور پر امدادی کاروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو ادھم پور ملٹری اسپتال لے جایا گیا ہے۔ 

 ایل جی نےکیا دکھ کا اظہار 

جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "ڈوڈا میں ایک بدقسمت سڑک حادثے میں ہمارے 10 بہادر ہندوستانی فوجیوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔ ہم اپنے بہادر فوجیوں کی شاندار خدمات اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ "گہرے دکھ کے اس لمحے میں، پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور حمایت میں کھڑی ہے۔ 10 زخمی فوجیوں کو ہوائی جہاز سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔"  انھوں نے اعلیٰ حکام کو زخمیوں کے  بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کی جلد صحت یابی کے لیے پرتھنا کی ۔

 وزیراعلیٰ کا اظہار تعزیت 

وزیراعلیٰ عمرعبد اللہ نے بھدرواہ-چمبا روڈ پر کھنی ٹاپ کے مقام پر فوج کی گاڑی سے ہوئے المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی جانیں گنوانے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور فوری بچاؤ اور انخلاء کی کوششوں کو سراہتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی  دعا کی۔