Monday, November 24, 2025 | 03, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • وزیر پنکجا منڈے کے پرسنل اسسٹنٹ کو پولیس نے کیا گرفتار، اپنی بیوی کو خودکشی پر اکسانے کا الزام

وزیر پنکجا منڈے کے پرسنل اسسٹنٹ کو پولیس نے کیا گرفتار، اپنی بیوی کو خودکشی پر اکسانے کا الزام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Nov 24, 2025 IST

وزیر پنکجا منڈے کے پرسنل اسسٹنٹ کو پولیس نے کیا گرفتار، اپنی بیوی کو خودکشی پر اکسانے کا الزام
بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر اور وزیر پنکجا منڈے کے پرسنل اسسٹنٹ (PA) اننت گرجے کو ممبئی کی ورلی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اننت گرجے کی بیوی گوری گرجے نے خودکشی کر لی۔ پولیس نے گرجے کے خلاف خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
 
اننت گرجے کی  بیوی ڈاکٹر  گوری پالوے  نے 22 نومبرکی شام پھانسی لگا کر خودکشی کرلی تھی۔ گوری  نے ورلی کے آدرش نگر میں واقع مہاراشٹر ملٹی یونٹ رہائشی سوسائٹی میں اپنے گھر میں پھانسی لے لی۔ اننت گرجے اور گوری پالوے نے صرف 10 ماہ قبل ہی شادی کی تھی۔ تاہم، گوری پالوے کو بعد میں پتہ چلا کہ اننت گرجے کا کسی دوسری عورت کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ اس کی وجہ سے اننت گرجے اور گوری پالوے کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
 
تین افراد کے خلاف مقدمہ درج
 
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسی وجہ سے گوری پالوے نے 22 نومبر کی شام پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اس معاملے میں ورلی پولیس نے گوری پالوے کے شوہر اننت گرجے، بھائی اجے گرجے اور بہنوئی شیتل گرجے کے خلاف خودکشی کے لیے اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
 
خودکشی سے پہلے شوہر کو فون کیا
 
گوری پالوے  کے اہل خانہ نے ان کی موت کو لے کر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ انہیں شبہ ہے کہ گوری نے خودکشی نہیں کی بلکہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔ تاہم اننت گرجے نے الگ ہی دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کرنے سے پہلے، گوری نے میرے موبائل فون پر مجھ سے رابطہ کیا، اس نے مجھے بتایا کہ وہ خودکشی کر رہی ہے۔ میں اس وقت پنکجا منڈے کے ساتھ ٹور پر تھا۔ گوری کا فون آنے کے بعد میں نے فوری طور پر ٹور منسوخ کر دیا اور گھر واپس آ گیا۔ تب تک گوری نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
 
جب میں گھر پہنچا تو انہوں نے دروازہ نہیں کھولا۔ میں اپنے 31ویں منزل کے فلیٹ کی کھڑکی سے نیچے اپنے 30ویں منزل کے فلیٹ کی کھڑکی کے طرف گیا  تب میں نے گوری کی لاش کھڑکی سے لٹکتی دیکھی۔ ہم اسے فوری طور پر  ہسپتال لے گئے۔ تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔