عیدالالضحیٰ کے پیش نظر، حیدرآباد پولیس کی جانب سے دیگر محکموں کے ساتھ ایک کوآرڈینیشن میٹنگ منعقد کی گئی تاکہ شہر بھر میں آنے والے تہوار کو پرامن اور صاف ستھرا منایا جاسکے۔ اس میٹنگ میں جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن، حیدرآباد ایڈیشنل کمشنر وکرم سنگھ مان، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر سی رمیش، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر موجود تھے۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد پولیس کمشنرسی وی آنند نے کہا کہ چیک پوسٹوں پرصرف تفویض کردہ پولیس اہلکار، جی ایچ ایم سی، اور محکمہ حیوانات کا عملہ ہی موجود ہوگا۔ انہوں نے بہتر تال میل اور ردعمل کے لیے تمام محکموں کے عہدیداروں پر مشتمل مقامی، زونل اور کمشنریٹ سطح کی کوآرڈینیشن ٹیمیں تشکیل دینے کی تجویز پیش کی ۔جی ایچ ایم سی کمشنر نے صفائی ستھرائی کے وسیع پیمانے پر عمل آوری کے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔جس میں عید کے دن اضافی صفائی ٹیموں کی تعیناتی اور بلدی وارڈز اور مساجد کے قریب کچرا اٹھانے والی گاڑیاں شامل ہیں۔
میٹنگ کے اہم نکات:
*جانوروں کی غیرقانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے چیک پوسٹوں کا قیام۔
* قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں ضبط کی جائیں گی اور انہیں فوری طور پر جی ایچ ایم سی کے مقرر کردہ جانوروں کے ہولڈنگ پوائنٹس یا گؤشالوں میں بھیج دیا جائے گا۔
* عوام اور گؤرکشکوں کو قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینے کی اپیل کی ہے۔ صرف قانون نافذ کرنے والے ادارے جانوروں کو لے جانے والی گاڑیوں کو روکنے یا ان کا معائنہ کرنے کے مجاز ہیں۔
*محکمہ حیوانات اور جی ایچ ایم سی تمام چیک پوسٹوں پر 24/7 ویٹرنری ڈاکٹروں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
*جی ایچ ایم سی کے عہدیدار بقرعید سے پہلے تمام علاقوں میں آوارہ کتوں کو پکڑنے والے دستے تعینات کریں گے۔ قربانی کےجانوروں کی بقایات کو ٹھکانے لگانے کے لیے گھروں میں ڈسپوزل بیگز فراہم کریں۔
* عید کے دن کوڑا کرکٹ اور قربانی کے جانوروں کی بقایات کو اکٹھا کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔
*جی ایچ ایم سی جانوروں کے فضلے کو موثر طریقے سے جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کے لیے مناسب گاڑیوں، ٹپروں کا انتظام کرے گا۔
*بجلی اور انجینئرنگ کے محکمے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
*سیوریج سسٹم کی نگرانی اور دیکھ بھال کے لیے واٹر بورڈ اور انجینئرنگ کے اہلکار۔
* محکمہ آر ٹی اے کے اہلکار ڈرائیوروں، مکینکس اور کرینوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔