Friday, February 13, 2026 | 25, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • بنگلہ دیش میں 13ویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع

بنگلہ دیش میں 13ویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 12, 2026 IST

بنگلہ دیش میں 13ویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع
بنگلہ دیش میں 13ویں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے۔ ووٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف مقامات پر لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں جو انتخابات کو لیکر عوام میں جو ش و خروش کو ظاہر کرتاہے۔ 299 پارلیمانی نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔یہاں آخری عام انتخابات 2024 میں ہوئے تھے جب شیخ حسینہ وزیر اعظم بنی تھیں۔ تاہم اگست 2024 میں ہونے والی بغاوت کے بعد 2026 میں دوبارہ عام انتخابات ہو رہے ہیں۔عام انتخابات کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش میں ریفرنڈم پر بھی ووٹ دیا جائے گا جس میں ووٹرز کو ہاں یا نہیں کا جواب دینا ہوگا۔ اگر ہاں کا ووٹ بھاری پڑ گیا تو نئی حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے آئینی اصلاحات کے پیکج کو قانونی طور پر نافذ کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
 
ملک میں  127.6 ملین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ ختم ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہو جائے گی۔ بنگلہ دیش میں انتخابات ،بیلٹ پیپرز کے ذریعے کرائے جاتے ہیں۔ ووٹنگ شروع ہوتے ہی انتظامیہ سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہائی الرٹ دکھائی دیتی ہے۔ دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پرامن اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اسے اب تک کی سب سے بڑی سیکیورٹی تعیناتی قرار دیا جا رہا ہے۔
 
ادھر دوسری جانب بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے سربراہ شفیق الرحمان نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی الیکشن جیتتی ہے اور اقتدار میں آتی ہے تو وہ ہندوستان کے ساتھ مضبوط، احترام پر مبنی اور باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات استوار کرنے کیلئے کام کرے گی۔ شفیق الرحمان نے قومی اتحاد، مساوی شہریت اور پڑوسی ممالک بشمول ہندوستان کے ساتھ تعمیری تعلقات پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں اپنے پڑوسیوں اور دوستوں کے ساتھ مثبت اور بہتر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہندوستان ہمارا قریبی پڑوسی ہے اور یہ ہماری ترجیح رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد تنازعہ پیدا کرنا نہیں ہے بلکہ ترقی اور امن کیلئے شراکت داری قائم کرنا ہے۔