Friday, October 17, 2025 | 25, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار اسمبلی انتخابات:انڈیا اتحاد میں سیٹ تقسیم پر تنازع،وی آئی پی نے نائب وزیر اعلی کے عہدے کی مانگ کی

بہار اسمبلی انتخابات:انڈیا اتحاد میں سیٹ تقسیم پر تنازع،وی آئی پی نے نائب وزیر اعلی کے عہدے کی مانگ کی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 17, 2025 IST

بہار اسمبلی انتخابات:انڈیا اتحاد میں سیٹ تقسیم پر تنازع،وی آئی پی نے نائب وزیر اعلی  کے عہدے کی مانگ کی
بہار اسمبلی انتخابات کے لیے پہلے مرحلے کا نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ اب تک انڈیا اتحاد میں سیٹ تقسیم پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مکیش ساہنی کی قیادت میں وکاس شیل انساں پارٹی (VIP) نے 15 سیٹوں پر دعویٰ کر دیا ہے اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا امیدوار اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ جس پر اتفاق نہیں بن رہا ہے۔
 
آر جے ڈی 12 سیٹیں دینے کو تیار:
 
پہلے کہا جا رہا تھا کہ VIP 60سیٹوں کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پھر آہستہ آہستہ یہ تعداد 40 اور پھر 20 ہوئی۔ اب VIP 15سیٹوں پر اڑی  ہوئی ہے، لیکن تیجسوی یادو کی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) 12 سے زیادہ سیٹیں دینے کو تیار نہیں ہے.
 
دو دن سے مشاورت جاری :
 
تیجسوی کی جانب سے جواب نہ ملنے سے مایوس ساہنی نے اتحاد کے دیگر شراکت داروں سے تعاون طلب کیا۔ یہاں تک کہ اس نے کل ایک پریس کانفرنس بھی بلائی، جسے تین بار ری شیڈول کیا گیا اور آخرکار منسوخ کر دیا گیا۔اس کے بعد ساہنی نے راہول گاندھی کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ وہ انڈیا اتحاد کے نظریہ پر قائم ہیں، لیکن پارٹی کے لیے سیٹوں کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔
 
ساہنی کے لیے راجیہ سبھا کی نشست پر بحث:
 
کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ناراض ساہنی کو ایک راجیہ سبھا اور دو ایم ایل سی سیٹوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ جن 15 سیٹوں کی مانگ کی جا رہی ہے اس کے بارے میں بھی بات چیت ہو رہی ہے۔ساہنی دربھنگہ کی گوڑا بورم سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ پارٹی کے ریاستی صدر بال گووند بند بھبوا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ مزید برآں، بھوگیندر ساہنی اورائی سے، امیش ساہنی دربھنگہ شہری علاقے سے اور پریم شنکر یادو گوپال پور سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
 
کانگریس اور آر جے ڈی نے پہلی فہرست جاری کی:
 
کانگریس اور آر جے ڈی دونوں نے اپنے کچھ امیدواروں کی فہرستیں جاری کی ہیں۔ امکان ہے کہ کچھ نشستوں پر دوستانہ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ آر جے ڈی کی پہلی فہرست میں 35 نام ہیں، جب کہ دوسری میں 10 نام ہیں۔ کھیساری لال یادو کے چھپرا سے الیکشن لڑنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تیجسوی یادو راگھوپور سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ کانگریس نے بھی 48 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کی ہے۔