Saturday, March 07, 2026 | 17 رمضان 1447
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • کولکتہ میں بند کلب کے کمرے میں بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

کولکتہ میں بند کلب کے کمرے میں بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 07, 2026 IST

کولکتہ میں بند کلب کے کمرے میں بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس
کولکتہ میں ایک بند کلب کے کمرے میں بم دھماکہ ہوا ہے۔ تاہم خوش قسمتی سے جہاں یہ دھماکہ ہوا، وہ جگہ بند پڑی ہوئی تھی، اس لیے اس جگہ پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ کولکتہ کے شمالی حصے کے پائیکپاڑہ علاقے میں پیش آیا ہے۔ معاملہ ہفتہ کی صبح کا بتایا جا رہا ہے۔ یہاں ایک بند پڑے کلب کے ایک کمرے میں بم دھماکہ ہوا۔
 
پولیس کا کہنا ہے کہ کلب میں 2 سے 3 کچے بم رکھے گئے تھے، جو صبح تقریباً 6 بجے کے قریب پھٹ گئے۔ اس کی وجہ سے علاقے میں ہڑکمپ مچ گیا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ چھت کی ٹین کی شیٹ ایک عمارت کی پانچویں منزل پر جا کر گری۔پولیس کے مطابق، جگہ سے پانچ سے چھ کچے بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ انہیں بم ڈسپوزل دستے نے ناکارہ بنا دیا ہے۔
 
بم رکھنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چلا:
 
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان بموں کو کیوں رکھا گیا تھا اور انہیں کہاں استعمال کرنے کا منصوبہ تھا۔ ہفتہ کی صبح جب زور دار دھماکہ ہوا تو لوگ اپنے گھروں سے نکل کر باہر آ گئے۔ سب اس بات سے حیران تھے کہ اس علاقے میں بم دھماکے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے۔
 
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان بموں کو لوگوں میں دہشت پھیلانے کے لیے رکھا گیا ہو گا کیونکہ اسمبلی انتخابات قریب ہیں۔ دریں اثنا، معاملے میں ٹی ایم سی سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی سچ سامنے آ جائے گا۔
 
غور طلب ہے کہ مغربی بنگال میں انتخابات ہونے والے ہیں،حالاں کہ ابھی تک تاریخوں کا اعلان نہیں ہوا ہے لیکن جلد ہی اعلان ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال میں تمام پارٹیاں ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے مختلف قسم کی باتیں کر رہی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عوام کس پارٹی پر اپنا اعتماد کا مہر لگاتی ہے۔ فی الحال یہاں بنیادی مقابلہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ ممتا بنرجی طویل عرصے سے ریاست کی اقتدار پر قابض ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا اس انتخابات میں بھی وہ اپنی حکومت بچا سکیں گی یا نہیں۔