سی بی آئی نے دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ میں 1984 کے سکھ مخالف فسادات کے دوران سرسوتی وہار معاملے میں قصوروار پائے جانے والے کانگریس کے سابق رہنما سجن کمار کے لیے موت کی سزا مانگی ہے۔ اس معاملے میں شکایت کنندہ نے سجن کمار کو سزائے موت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ تا ہم خصوصی جج کاویری باویجا نے سجن کمار کی سزا پر اگلی سماعت 21 فروری کو کرنے کا حکم دیا ہے۔اس سے قبل عدالت نے 31 جنوری کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
بتا دیں کہ یہ مقدمہ یکم نومبر 1984 کا ہے، جس میں سردار جسونت سنگھ اور سردار تروندیپ سنگھ کو مغربی دہلی کے راج نگر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ شام تقریباً 4.30 بجے راج نگر علاقے میں فسادیوں کے ایک ہجوم نے لوہے اور لاٹھیوں سے متاثرین کے گھر پر حملہ کیا۔ شکایت کنندگان کے مطابق، ہجوم کی قیادت سجن کمار کر رہے تھے، جو اس وقت بیرونی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ تھے۔
شکایت کے مطابق سجن کمار نے ہجوم کو حملہ کرنے کے لیے اکسایا۔ اس کے بعد ہجوم نے سردار جسونت سنگھ اور سردار ترون دیپ سنگھ کو زندہ جلا دیا۔ ہجوم نے متاثرین کے گھروں میں توڑ پھوڑ، لوٹ مار کی اور آگ لگا دی۔ اس وقت کے رنگناتھ مشرا کی سربراہی میں انکوائری کمیشن کے سامنے شکایت کنندہ کی طرف سے دیے گئے حلف نامہ کی بنیاد پر، شمالی ضلع کے سرسوتی وہار پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ایف آئی آر میں تعزیرات ہند کی کئی دفعات کے تحت الزامات لگائے گئے۔
آپ کو بتا دیں کہ 17 دسمبر 2018 کو دہلی ہائی کورٹ نے بلوان کھوکھر اور سجن کمار کو دہلی سکھ فسادات کے ایک اور کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ہائی کورٹ نے نیوی کے سابق افسر بھاگمل کے علاوہ سابق کانگریس کونسلر بلوان کھوکھر، گردھاری لال اور دو دیگر کو ٹرائل کورٹ کی طرف سے دی گئی سزا کو برقرار رکھا تھا۔ سجن کمار نے 31 دسمبر 2018 کو کڑکڑڈوما کورٹ میں خودسپردگی کی۔