بھارت کے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) نے بدھ کے روز کلاس 10 کے بورڈ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ بورڈ حکام کے مطابق نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔اس سال تقریباً 25 لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ نے امتحان کے لیے رجسٹریشن کروایا تھا، جن میں سے 14 لاکھ سے زائد لڑکے اور تقریباً 11 لاکھ لڑکیاں شامل تھیں۔ امتحانات 83 مضامین میں ملک بھر کے 8,075 امتحانی مراکز پر منعقد کیے گئے۔
93.70طلبا کامیاب، لڑکیوں نے پھر ماری بازی
اس سال مجموعی پاس فیصد 93.70 فیصد رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں معمولی بہتری ظاہر کرتا ہے۔ لڑکیوں نے ایک بار پھر بہتر کارکردگی دکھائی اور ان کا پاس فیصد 94.99 رہا، جبکہ لڑکوں کا 92.69 فیصد رہا۔
جنوبی ہند میں بہترین نتائج
خطوں کے اعتبار سے ترواننت پورم اور وجے واڑہ نے 99.79 فیصد کے ساتھ سب سے بہتر کارکردگی دکھائی، جبکہ چنئی 99.58 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ بنگلورو نے بھی 98.91 فیصد کے ساتھ شاندار نتائج حاصل کیے۔
کیندر ودیالیہ کے نتائج بہتر
حکام کے مطابق اس سال سرکاری اور نجی دونوں اداروں کے نتائج میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ کیندریہ ودیالیہ (KV) نے 99.57 فیصد کے ساتھ سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اہم اعداد و شمار:
کل رجسٹرڈ طلبہ: 25,08,319
امتحانی مراکز: 8,074 سے زائد
امتحان دینے والے طلبہ: 24.7 لاکھ سے زائد
امتحان کا دورانیہ: 17 فروری تا 27 فروری 2026
CBSE کے مطابق رواں سال 21 فروری کو ایک ہی دن میں تقریباً 24.95 لاکھ طلبہ نے امتحان دیا، جو تاریخ کا سب سے بڑا امتحانی دن قرار دیا جا رہا ہے۔
دیگر معلومات:
بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ دوسرے مرحلے کے امتحانات مئی کے وسط سے شروع ہوں گے۔ طلبہ نتائج CBSE کی سرکاری ویب سائٹس اور ڈجی لاکر (DigiLocker) اور UMANG ایپ کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں۔
سی بی ایس ای کے مطابق کامیابی کے لیے کم از کم 33 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔ ناکام ہونے والے طلبہ کو کمپارٹمنٹ امتحان کا موقع دیا جائے گا۔
یہ نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ملک بھر میں تعلیمی معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے، جبکہ جنوبی بھارت کے تعلیمی زونز ایک بار پھر نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔