اترپردیش کے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے آج کابینہ کی اہم میٹنگ بلائی ہے۔ اس میٹنگ میں دیگر کئی فیصلوں کے ساتھ ساتھ سنبھل کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ بھی میٹنگ میں پیش کی جائے گی۔حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایاکہ میٹنگ میں کئی اہم نکات پر غور کیاجائے گا جس میں سب سے اہم سنبھل کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ شامل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے اے ایس آئی سروے کے دوران بھڑکنے والے تشدد کی تحقیقات کرنے والے تین رکنی عدالتی کمیشن کے سامنے گواہی دینے والے رہائشیوں نے جمعرات کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی تھی۔ اس کے علاوہ گذشتہ دنوں سنبھل تشدد کیس کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے عدالتی کمیشن نے اپنی رپورٹ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو سونپ دی تھی۔
چیف منسٹر ہیمنت سورین کی صدارت میں آج جھارکھنڈ کابینہ کا اجلاس ہوگا ۔ اس اجلاس میں چار درجن سے زیادہ تجاویز پر بحث ہونے کی امید ہے۔ ان تجاویز میں سب سے اہم سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کی رہائش گاہ کو ان کی اہلیہ روپی سورین کے نام پر الاٹ کرنے سے متعلق ہے۔اب تک کی تیاریوں کے مطابق روپی سورین کے نام پر اس رہائش گاہ کو الاٹ کرنے کی تجویز کو کابینہ کی منظوری مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بلڈنگ کنسٹرکشن ڈپارٹمنٹ کو اپنے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے دو سو کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی جا سکتی ہے۔طویل عرصے بعد ہونے والے کابینہ کے اجلاس کیلئے تقریباً چالیس تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔ اجلاس سے پہلے تجاویز آتی رہیں گی جس کی وجہ سے اندازہ ہے کہ تجاویز کی تعداد 50 سے تجاوز کرسکتی ہے۔ریاستی حکومت کے زیراثر علاقوں میں 109 نئے آنگن واڑی مراکز کھولنے کی تجویز پر بھی کابینہ رضامندی دے سکتی ہے۔ ایک اور اہم تجویز سینک اسکول سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ جن طلباء کے والدین کی سالانہ آمدنی تین لاکھ روپے سے کم ہے ان کی فیسیں معاف کر دی جائیں گی۔ تاہم 10 لاکھ روپے سے زیادہ آمدنی والے والدین کو پوری فیس ادا کرنی ہوگی۔
چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر وشنودیو سائی آج وجئے شرما کے ہمراہ دہلی کے ایک روزہ خصوصی دورے پر روانہ ہو۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وشنو دیو سائی نے کہاکہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے ہمراہ، اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی جس میں یوریا سپلائی سے متعلق حالیہ حکومتی اعلان بھی شامل ہے۔ وشنودیوسائی نے کہاکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسانوں کو کھاد کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ ڈی اے پی کی معمولی کمی کو نانو ڈی اے پی کے ساتھ متبادل کے طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اضافی 60,000 میٹرک ٹن یوریا مختص کیا گیا ہے ۔